Live Updates

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وزیر اعظم ہائوس میں جدید ترین یونیورسٹی کے قیام سے متعلق پیشرفت کا جائزہ اجلاس

وزیراعظم کی یونیورسٹیوں کی طرف سے ان کی تحقیق کی بنیاد پر تجارتی منصوبوں کا جائزہ لینے،سکالر شپ سکیم کو احساس پروگرام سے منسلک اور مربوط کرنے ، تحقیق اور ترقی کی سرگرمیوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کرنے کیلئے صنعتوں کی حوصلہ افزائی کرنے کی ہدایت

ہفتہ 24 اگست 2019 18:14

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت  وزیر اعظم ہائوس میں جدید ترین یونیورسٹی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اگست2019ء) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیر اعظم ہائوس میں جدید ترین یونیورسٹی آف انجینئرنگ و ایمرجنگ ٹیکنالوجیز کے قیام سے متعلق پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں نیشنل سنٹر آف ریسرچ ، انوویشن اور آرٹیفیشل انٹیلی جنس اور متعلقہ ٹیکنالوجیز اور اہم نیشنل ہیومن ریسورسز ترقیاتی پروگرام میں انٹر پرینیور شپ کے قیام سے متعلق امور بھی زیر بحث لائے گئے۔

اجلاس میں وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین ، سائنس و ٹیکنالوجی سے متعلق ٹاسک فورس کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر عطاء الرحمان، سیکرٹری سائنس و ٹیکنالوجی اور دیگر سینئر حکام نے شرکت کی۔ وزیر سائنس و ٹیکنالوجی نے وزیراعظم کو سائنس و ٹیکنالوجی کی تعلیم کو فروغ دینے ، تحقیقی و ترقیاتی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی اور مختلف حکومتی تنظیموں اور صنعتوں کے مابین موثر روابط قائم کرنے کے حوالے سے بریف کیا۔

(جاری ہے)

پروفیسر ڈاکٹر عطاء الرحمان نے بریفنگ دیتے ہوئے وزیراعظم کو آگاہ کیا کہ سائنس و ٹیکنالوجی سے متعلق ٹاسک فورس نے جامع نالج اکانومی پالیسی دستاویز تیار کی ہے۔ اس کے علاوہ کاروبار میں آسانی اور بہتری سے متعلق بھی دستاویزات بھی تیار کی گئی ہیں، ان دستاویزات کا سرمایہ کاری بورڈ کے ساتھ تبادلہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹاسک فورس ٹیکس وصولی کے شعبہ میں ایف بی آر اور نادرا کے درمیان موثر روابط قائم کرنے میں بھی مدد فراہم کرے گی۔

اجلاس میں اس بات پر زوردیا گیا کہ تکنیکی تعلیم اور سکل ڈویلپمنٹ میں ملوث متعلقہ تنظیموںکے مابین تعاون کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم نے سائنس اور تکنیکی تعلیم اور تحقیق کے فروغ میں وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کی کاوشوں کو سراہا اور زراعت میں ویلیو ایڈیشن کے پہلو کو ترجیح دی جائے ۔ وزیراعظم نے وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اورچیئرمین ہایئر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے انتخاب کی گئی 15 بہترین یونیورسٹیوں کے انتخاب اور خصوصی درجہ دینے کی بھی منظوری دیدی۔

وزیراعظم نے یونیورسٹیوں کی طرف سے ان کی تحقیق کی بنیاد پر تجارتی منصوبوں کا جائزہ لینے کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس میں مستحق طلبہ کیلئے قومی سطح پر سکالر شپ کی قومی سکیم کو بھی زیر بحث لایا گیا۔وزیراعظم نے کہا کہ سکالر شپ سکیم کو احساس پروگرام سے منسلک اور مربوط کرنے کی ضرورت ہے تاکہ مستحق اور اہلیت کے حامل طلبہ کو اپنی تعلیم مکمل کرنے کے قابل بنایا جاسکے۔ وزیراعظم نے یہ بھی ہدایت کی کہ تحقیق اور ترقی کی سرگرمیوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کرنے کیلئے صنعتوں کی بھی حوصلہ افزائی کی جائے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات