پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کے حصص یافتگان کے دوسرے سالانہ عمومی اجلاس کا انعقاد

ہفتہ 24 اگست 2019 18:16

پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کے حصص یافتگان کے دوسرے سالانہ عمومی اجلاس ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اگست2019ء) پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی ای) کے حصص یافتگان کا دوسرا سالانہ عمومی اجلاس ہفتہ کی صبح مقامی ہوٹل میں منعقد ہوا۔اجلاس کی صدارت صدر و سی ای او پی آئی اے ایئر مارشل ارشد ملک نے کی۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق اجلاس میں سال 2017 ء کے مالی حسابات اور سال 2018ء کے مالی حسابات کے لئے بیرونی آڈیٹرز کے تقرر کی منظوری دی گئی۔

سال 2017 ء کے اختتام پر پی آئی اے کی مجموعی آمدنی تقریباً 91 ارب جبکہ خسارہ ساڑھے 46 ارب روپے رہا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ 2017ء میں ایندھن کی قیمتوں میں 14 فیصد اور مالی اخراجات میں 16 فیصد اضافہ رہا۔ ایئر مارشل ارشد ملک نے کہا کہ قومی ایئر لائن کے حالات اب بہتری کی جانب گامزن ہیں تاہم اس کو منافع بخش ہونے میں کچھ وقت ضرور لگے گا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایئر مارشل ارشد ملک نے کہا کہ فضائی بیڑے میں طیاروں کی صورت حال کافی بہتر جا رہی ہے، مالی حسابات میں تاخیر گزشتہ ادوار کی انتظامی کوتاہی رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حصص یافتگان کی شکایات کا ازالہ کیا جائے گا اور ان کی تجاویز پر سنجیدگی سے غور کیا جائے گا۔ ایئر مارشل نے کہا کہ ہمارا رواں سال کا حج آپریشن کامیابی سے جاری ہے۔ حصص یافتگان نے اجلاس کے ایجنڈے اور سفارشات کی منظوری دی۔ اجلاس میں سی ایف او خلیل اللہ شیخ اور سیکرٹری بورڈ آف ڈائریکٹرز محمد شعیب بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :