کشمیر میں مسلسل کرفیو کی وجہ سے وسیع پیمانے پر ہلاکتوں کا اندیشہ ہے: خواجہ شہزاد

کشمیر پاکستان کی شاہ رگ ہے ،تاجر برادری مشکل کی اس گھڑی میں کشمیری بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی: چیمبر آف کامرس لاہور کے نائب صدر کا اجلاس سے خطاب

ہفتہ 24 اگست 2019 19:07

کشمیر میں مسلسل کرفیو کی وجہ سے وسیع پیمانے پر ہلاکتوں کا اندیشہ ہے: ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اگست2019ء) بھارت کی جانب سے کشمیر میں جارحیت اور لائن آف کنٹرول پر حملہ ناقابل برداشت ہیں، حکومت بھارتی مظالم کو مزید طاقت کے ساتھ عالمی سطح پر اجاگر کرے اور بھارت کے ساتھ تجارتی تعلقات بھی منقطع کیے جائیں کیونکہ ان سے بھارتی معیشت کو فائدہ ہورہا ہے۔ ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر خواجہ شہزاد ناصر اور سابق وفاقی وزیر محمد علی درانی نے کہا کہ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت اور مسلسل کرفیو کی وجہ سے خوراک ، ادویات اور دیگر اشیا کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے اور وسیع پیمانے پر ہلاکتوں کا اندیشہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شاہ رگ ہے اور پاکستان کی تاجر برادری مشکل کی اس گھڑی میں اپنے کشمیری بھائیوں کو کسی قیمت تنہا نہیں چھوڑے گی،انڈیا جلتی پر تیل چھڑک رہا ہے۔

(جاری ہے)

اسلامی تعاون تنظیم اور اقوام متحدہ کو کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی اور کشمیریوں کے قتل عام کا نوٹس لے اور سخت اقدامات اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ کشمیریوں کی مرضی سے حل ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی تاجر برادری نے مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال کے بارے میں تشویش کا اظہار کیا ہے، پاکستانی تاجر برادری کو مقبوضہ کشمیر میں معصوم لوگوں کا سفاکانہ قتل عام ہر گز قبول نہیں اور وہ اپنے کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، ہندوستانی حکومت کا غیر ذمہ دارانہ فعل خطے میں امن و سکون کے امکانات کے لئے خطرے کی گھنٹی بجا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرکافی عرصے سے پاکستان اور انڈیا کے مابین کشیدہ مسئلہ ہے جو ناخطے میں کشیدگی کا باعث ہے بلکہ بین الاقوامی امن کے لئے بڑا خطرہ ہے۔ جبکہ انڈیا کشمیریوں کے انسانی حقوق کی پامالی اور نہتے کشمیریوں کے قتل میں مصروف ہے۔لاہور چیمبر کے عہدیداران نے کہا کہ انڈیا زیادہ دیر کشمیر کو اپنا اندرونی مسئلہ قرار دے کر حقیقت سے انکار نہیں کر سکتا کیونکہ جموں و کشمیر بین الاقوامی سطح پر متنازع ریاست کی حیثیت رکھتے ہیں ۔