وزیر خارجہ کا اقوام متحدہ سیکریٹری جنرل انتونیو گوئتریس سے ٹیلیفونک رابطہ

مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر گفتگو o بھارت کے مقبوضہ کشمیر میں یکطرفہ اقدامات اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی ہیں، انسانی جان بچانے والی ادویات اور خوراک کی شدید قلت ہے، شاہ محمود

ہفتہ 24 اگست 2019 21:04

وزیر خارجہ کا اقوام متحدہ سیکریٹری جنرل انتونیو گوئتریس سے ٹیلیفونک ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 اگست2019ء) وزیر خارجہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوئتریس سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے جس میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر گفتگو کی جبکہ بھارت کے مقبوضہ جموں و کشمیر میں یکطرفہ اقدامات کے بعد خطے میں امن و امان کی مخدوش صورتحال پر تبادلہ خیال کیاگیا ۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت نے گزشتہ بیس روز سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں مکمل لاک ڈاؤن کر رکھا ہے ذرائع مواصلات پر پابندی عائد ہے بھارت کے مقبوضہ جموں و کشمیر میں اٹھائے گئے یکطرفہ اقدامات اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی ہیں۔راہول گاندھی کی قیادت میں بھارتی اپوزیشن کا وفد ، جب صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے سری نگر ائیرپورٹ پہنچا تو انہیں ائیرپورٹ سے واپس بھیج دیا گیا۔

(جاری ہے)

بین الاقوامی میڈیا اور انسانی حقوق کی تنظیموں کی طرف سے جو رپورٹس سامنے رہی ہیں وہ انتہائی تشویشناک ہیں۔انسانی جان بچانے والی ادویات اور خوراک کی شدید قلت ہے۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ اور عالمی برادری کو مقبوضہ جموں و کشمیر کے نہتے لوگوں کو بھارتی بربریت سے بچانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہو گا ۔ بھارت کے مقبوضہ جموں و کشمیر میں کئے گئے یکطرفہ اقدامات کو پاکستان ، کشمیری عوام اور بھارتی اپوزیشن کے بہت سے رہنما یکسر مسترد کر چکے ہیں۔اس موقع پر سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گیترس نے کہا کہ وہ اس تشویشناک صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اقوام متحدہ اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔