Live Updates

کرتارپور راہداری کا کام رواں ماہ مکمل ہونے کا امکان، وزیراعظم عمران خان افتتاح کریں گے

دفتر خارجہ نے کرتار پور راہداری کھولنے کے حوالے سے اپنا ہوم ورک تیز کر دیا، کام 31 اگست تک مکمل کر لیا جائے گا

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ ہفتہ 24 اگست 2019 19:45

کرتارپور راہداری کا کام رواں ماہ مکمل ہونے کا امکان، وزیراعظم عمران ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 اگست2019ء) کرتارپور راہداری کا کام رواں ماہ مکمل ہونے کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق کرتارپور راہداری کا افتتاح وزیراعظم عمران خان کریں گے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ دفتر خارجہ نے کرتار پور راہداری کھولنے کے حوالے سے اپنا ہوم ورک تیز کر دیا اور راہداری پہ کام 31 اگست تک مکمل کر لیا جائے گا۔ بھارتی جارحیت کے باوجود پاکستان نے امن پسندی اور بڑے دل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کرتار پور راہداری کو دونوں ممالک کے تناؤ کی نذر نہیں ہونے دیا ہے اور اس پر تیزی سے کام جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کی جانب سے کرتار پور راہداری کو پاک بھارت تناؤ کی نذر نہیں ہونے دیا گیا ہے، کرتار پور راہداری کا افتتاح 11 نومبر کو کیا جائے گا۔ بابا گرونانک کی 550 ویں سالگرہ کی تقریبات کے سلسلے میں بڑی تقریب منعقد کی جائے گی۔

(جاری ہے)

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کرتارپور راہداری کی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے، عمران خان کے ہمراہ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اور دیگر وزراء بھی تقریب میں شریک ہوں گے، 500 سے زائد سکھ یاتریوں کی باباگرونانک کے 550 جنم دن کی تقریبات میں شرکت متوقع ہے۔

اس حوالے سے گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے بھی کہا ہے کہ امن ہو یا جنگ کر تاپور راہداری منصوبہ نومبر تک ہر صورت مکمل کر دیا جائے گا۔ کرتار پور راہداری کے حوالے سے پاکستان اور بھارتی وزارت خارجہ میں رابطے جاری رہے، راہداری کھولنے کافیصلہ دونوں ملکوں کی سکھ برادری کی سہولت ومذہبی حقوق کےمدنظرکیا گیا، کرتارپورراہداری کھولنے سے پاکستان کا دنیا بھرمیں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کا مثبت تاثر جائے گا، سکھ مذہب کے بانی بابا گرونانک نے اپنی زندگی کےآخری 18 برس کرتار پورمیں گزارے تھے۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے 28 نومبر 2018ء میں کرتارپور راہداری منصوبے کا افتتاح کیا تھا اور جنوری 2019 میں پاکستان نے کرتار پور راہداری معاہدے کے مسودے کا بھارت سے تبادلہ کیا تھا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات