سب ٹھیک ہے تو پھر راہول گاندھی کو کشمیر سے واپس کیوں بھیجا گیا: کانگرس کا سوال

مجھے جموں و کشمیر کے گورنر نے خود دعوت دے کر بلایا ہے اب مجھے کیوں نہیں جانے دیا جارہا؟ راہول گاندھی کی انتظامیہ سے بات چیت کی ویڈیو سانے آگئی

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ ہفتہ 24 اگست 2019 20:59

سب ٹھیک ہے تو پھر راہول گاندھی کو کشمیر سے واپس کیوں بھیجا گیا: کانگرس ..
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 اگست 2019ء) : کانگرس نے سوال اٹھایا ہے کہ اگر کشمیر میں سب ٹھیک ہے تو پھر راہول گاندھی کو کشمیر سے واپس کیوں بھیجا گیا؟ اسی حوالے سے راہول گاندھی کی انتظامیہ سے بات چیت کی ویڈیو سانے آئی ہے جس میں وہ پولیس اور کسی اعلیٰ عہدے دار سے کہہ رہے ہیں کہ ’مجھے جموں و کشمیر کے گورنر نے خود دعوت دے کر بلایا ہے اب مجھے کیوں نہیں جانے دیا جارہا؟
خیال رہے کہ آج کانگریس رہنما راہول گاندھی سمیت 12 رکنی اپوزیشن وفد کو سرینگر ائیرپورٹ سے واپس بھیج دیا گیا۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں مودی حکومت کی جانب سے عائد پابندیوں اور وادی میں نافذ کرفیو کے خلا کانگریس رہنما راہول گاندھی سمیت لوک سبھا میں اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں کے ساتھ دورہ سری نگر کے لیے روانہ ہوئے تھے۔

(جاری ہے)

تاہم راہول گاندھی سمیت مقبوضہ کشمیر جانے والے اپوزیشن کے دیگر رہنماؤں کو بھی سرینگرائیرپورٹ سے ہی واپس بھیج دیا گیا۔

راہول گاندھی کی سرینگر روانگی سے قبل ہی مقبوضہ جموں و کشمیر کے شعبہ اطلاعات کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کیا گیا جس میں راہول گاندھی کو خبردار کیا گیا کہ وہ سری نگر کا دورہ نہ کریں، اس وقت وہ دوسروں کو بھی مشکلات میں ڈال سکتے ہیں تاہم کانگریس رہنماسری نگر کے لیے روانہ ہوگئے تھے۔ کانگریس نے ٹویٹ کرتے ہوئے مودی حکومت کو آڑے ہاتھوں‌ لیا اور کہا ہے کہ اگر جموں وکشمیرمیں حالات ٹھیک ہیں تومودی حکومت کیا چھپانے کی کوشش کررہی ہے؟ واضح رہے راہول گاندھی نے آرٹیکل 370 کے خاتمے پر مودی پر شدید تنقید کی تھی۔

: کانگریس رہنما راہول گاندھی نے کہا تھا کہ قومی سلامتی کے نام پرمودی سرکار نے کشمیر کے ٹکڑے کر دیئے۔بھارت میڈیا کے مطابق صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا کہ قوم افراد سے بنتی ہے، زمین کے ٹکڑے سے نہیں۔ قومی سلامتی کے نام پر مودی سرکار نے کشمیر کے ٹکڑے کر دیئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مودی سرکار نے عوام کے منتخب نمائندوں کو جیل میں ڈال کر بھارتی آئین کی خلاف ورزی کی ہے۔ مودی کی جانب سے طاقت کے استعمال پر ملکی سلامتی کو خطرات لاحق ہوں گے۔