اقوام متحدہ کادوغلہ رویہ بے نقاب

یواین او کے سفیر پاک بھارت جنگ کو ہوا دینے لگے

Sajjad Qadir سجاد قادر اتوار 25 اگست 2019 05:19

اقوام متحدہ کادوغلہ رویہ بے نقاب
لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 اگست2019ء)   کشمیر کی موجودہ صورت حال کو مدنظر رکھتے ہوئے سب سے آسان ا ور فوری ضرورت بھارت کے ساتھ جنگ کرنے کی بنتی ہے مگر پاکستان کی سول اور عسکری قیادت مکمل ہوشمندی اور بردباری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایسے کسی بھی اقدام سے خود کو دور رکھ رہی ہے کہ جس سے خطے کا امن خطرے میں پڑ جائے حالانکہ اس بردباری میں پاکستان کو کافی مشکلات کے علاوہ نقصان کا سامنا بھی کرنا پڑ رہا ہے اور بھارت کی جارحیت کے سامنے نہتے کشمیری اور ماؤں بہنوں کے ساتھ ناقابل بیاں ظلم و تشدد ہوتا ہوا بھی دیکھا جا رہا ہے مگر پاکستان عالمی طاقوں کو ثالثی اور کشمیر کی صورت حال کا جائزہ لینے کی مسلسل دعوت دے رہاہے۔

عالمی طاقتیں خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں جبکہ بھارتی عوام،سیاستدان،سماجی شخصیات اور شوبز سے وابسطہ لوگوں پر جنون اس قدر سوار ہے کہ وہ کشمیر پر بھارت کو ہلہ بولنے کے علاوہ پاکستان کے ساتھ بھی جنگ کرنے کی کھلم کھلا دعوت دے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

بالی وڈ ہیرو شاہ رخ خان نے بھی کچھ ایسی ہی بات کی تھی جس پر انہیں سوشل میڈیا پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا جبکہ بالی وڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا نے بھی پاکستان پر بھارت کو حملہ کرنے کا کہا تھا حالانکہ پریانکا یو این او کی جانب سے امن کی سفیر ہیں اور وہ جنگ کی بات کریں گی تو اس کا مطلب ہے کہ وہ اپنے ادارے کی نمائندگی کر رہی ہیں۔

عالمی امن کے نام پر قائم ادارے اقوام متحدہ نے بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑ ا کے جنگ کی حمایت میں کئے گئے ٹویٹ پر کوئی بھی ایکشن نہ لینے کا فیصلہ کرتے ہوئے پریانکا کیخلاف کسی قسم کی کارروائی کرنے سے صاف انکار کر دیا ہے۔پاکستان میں انسانی حقوق کی وزیر شیریں مزاری نے پریانکا کی اس حرکت کا سخت نوٹس لیتے ہوئے دو روز قبل اقوام متحدہ کے ادارے یونیسیف کو خط لکھ کر پریانکا کو امن کی سفیر کے منصب سے ہٹانے کا مطالبہ کیا تھا تاہم اقوام متحدہ نے پریانکا کے بیان کو ان کا ذاتی خیال قرار دے کر کارروائی سے انکار کر دیا ہے۔