ایمازون کے جنگلات میں آگ بھڑک اٹھی

زمین کی20فیصد آکسیجن انہی جنگلوں سے پیدا ہوتی ہے

Sajjad Qadir سجاد قادر اتوار 25 اگست 2019 05:36

ایمازون کے جنگلات میں آگ بھڑک اٹھی
لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 اگست2019ء)   دنیا میں تواتر سے ایسے واقعات دیکھنے اور سننے کو مل رہے ہیں کہ جنگلات میں آگ لگ جاتی ہے۔کبھی کس ملک کے جنگل میں آگ بھڑک اٹھتی ہے تو کبھی کس میں۔برازیل کے شمالی حصے میں واقع وسیع و عریض ایمازن کے جنگلات میں سیکڑوں مقامات پر آگ بھڑک اٹھی ہے۔ایمازون میں لگنے والی آگ کے باعث برازیل کے علاوہ دیگر شمالی ریاستوں سمیت رونڈونیا اور آکرے بھی متاثر ہورہے ہیں۔

دنیا کے سب سے بڑے بارانی جنگل میں آتشزدگی پر عالمی دنیا چیخ اٹھی ہے اور فرانس میں جی 7 کے اجلاس میں یہ اہم موضوع بن گیا ہے۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ برس برازیل کے جنگل میں 78 ہزار 383 مرتبہ آگ لگنے کے واقعات پیش آئے جو 2013 کے بعد سے سب سے زیادہ ہیں۔

(جاری ہے)

رپورٹس کے مطابق برازیل کے جنگلات میں 72 ہزار سے زائد مرتبہ آگ لگ چکی ہے اور گزشتہ برس کے مقابلے ان واقعات میں 84 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

برازیل کی نیشنل انسٹیٹوٹ فار اسپیس ریسرچ (این آئی پی ای) کے مطابق نصف آگ ایمازون کے جنگل میں لگی، جہاں تقریباً 2 کروڑ آبادی رہائش پذیر ہے۔ماہرین کے مطابق جمعرات اور جمعہ کو کم از کم ایک ہزار 663 مقامات پر آگ بھڑک اٹھی۔آگ سے متعلق نئے اعداد وشمار کے بعد برازیل کے صدر جیئر بولسونارو نے عسکری قیادت کو آتشزدگی سے نمٹنے اور خطے میں مجرمانہ کارروائیوں کے خاتمے کی اجازت دے دی۔

خیال رہے کہ متعدد ماہرین ماحولیات نے برازیل کے صدر بولسونارو پر کاشتکاروں کو کھیتوں کی جگہ کے حصول کے لیے ایمازون کے جنگلات کی کٹائی کی ترغیب دینے کا الزام لگایا جبکہ برازیل کے صدر نے اس حوالے سے اپنے بیان میں کچھ این جی اوز پر الزام لگاتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے اس اقدام سے حکومت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی۔واضح رہے کہ زمین کی 20 فیصد آکسیجن صرف ایمازون کے جنگلات میں موجود درخت اور پودے پیدا کرتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :