ٹوئٹر اور فیس بک جیسی سوشل میڈیا سائٹ بھی کشمیریوں کی آواز دبانے لگیں

کشمیر کے حق میں پوسٹ کرنے والوں کے اکاؤنٹس معطل کیے جانے لگے

Sajjad Qadir سجاد قادر اتوار 25 اگست 2019 05:42

ٹوئٹر اور فیس بک جیسی سوشل میڈیا سائٹ بھی کشمیریوں کی آواز دبانے لگیں
لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 اگست2019ء)   مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی کا سلسلہ جاری ہے اور مقبوضہ وادی گزشتہ 20 روز سے مکمل لاک ڈاؤن ہے۔مقبوضہ کشمیر میں سخت کرفیو اور دیگر پابندیوں کے باعث بچوں کے دودھ، ادویات اور اشیائے ضروریہ کی قلت ہوگئی ہے، اس کے ساتھ ساتھ غاصب فوج اِن اقدامات کے خلاف احتجاج کرنے والے کشمیری مظاہرین پر بھی تشدد کا سلسلہ شروع کررکھا ہے۔

ان سب حالات پر سوشل میڈیا پر تنقید کرنا بھی بھارتی حکومت کو برداشت نہیں ہے، مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر ٹوئٹ کرنے والوں کے اکاؤنٹ بھی معطل کیے جارہے ہیں۔پاکستان میں بھی کئی نامور شخصیات کے ٹوئٹر اکاؤنٹ بھارتی مظالم کے خلاف آواز بلند کرنے پر بند کیے جا چکے ہیں جس کا پاکستان کی حکومت نے بھی نوٹس لیا۔

(جاری ہے)

ٹوئٹر نے اب ہدایتکار نبیل قریشی کا اکاؤنٹ بھی معطل کر دیا ہے جس کے بارے میں انہوں نے انسٹاگرام اطلاع دی اور لکھا کہ کشمیری مظالم کے خلاف آواز اٹھانے پر ان کا اکاؤنٹ معطل کیا گیا۔

نبیل قریشی نے اب تک پاکستان کی کئی سپر ہٹ فلموں میں ہدایتکاری کے فرائض سرانجام دیے ہیں جس میں ’نامعلوم افراد‘، ’ایکٹر ان لاء‘، ’نامعلوم افراد 2‘ اور ’لوڈ ویڈنگ‘ شامل ہیں۔معطل کیے گئے نبیل قریشی کے اکاؤنٹ پر فالوورز کی تعداد 20 ہزار سے زائد تھی جبکہ ان کے بائیوگرافی میں فلمی کیرئیر سے متعلق بھی تحریر تھا تاہم اس کے باوجود ایک مخصوص بھارتی گروپ کی شکایت پر ٹوئٹر انتظامیہ نے فوری کارروائی کی۔اس سے قبل ٹوئٹر نے پاکستان ٹی وی اور ریڈیو ہوسٹ فصیح ذکی کا اکاؤنٹ بھی معطل کیا تھا۔جبکہ فیس بک وقار ذکا کا اکاؤنٹ بھی کشمیر کے حق میں آواز بلند کرنے پر معطل کر چکی ہے۔