بجٹ خسارہ قابو سے باہر، وزیر اعظم کو آگاہ کر دیا گیا

وزیراعظم کی اپنی معاشی ٹیم کو بجٹ خسارے پر قابو پانے کے لیے چھوٹے اقدامات کرنے کی ہدایت

Muqadas Farooq مقدس فاروق اعوان اتوار اگست 12:08

بجٹ خسارہ قابو سے باہر، وزیر اعظم کو آگاہ کر دیا گیا
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔25 اگست 2019ء) بجٹ خسارہ قابو سے باہر ہوگیا، وزیراعظم عمران خان کو صورتحال سے آگاہ کردیا گیا۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ گذشتہ روز وزیر اعظم عمران خان سے مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ ، وزیر منصوبہ بندی مخدوم خسرو بختیار، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد و معاشی ٹیم کے دیگر ارکین نے ملاقات کی ۔ تین گھنٹے تک جاری رہنے والے اجلاس میں ملکی معاشی صورتحال اور معیشت کی بہتری کے حوالے سے مفصل روڈ میپ پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

وزیراعظم عمران خان کی معاشی ٹیم نے انہیں حکومت کے پہلے سال کے دوران درپیش معاشی مشکلات سے آگاہ کردیا ہے۔وزیراعظم کو بتایا گیا ہے کہ رواں مالی سال کا بجٹ خسارہ 700 ارب روپے یا جی ڈی پی کا 1.6 فیصد ہے۔

(جاری ہے)

یہ صورتحال حکومت کے کنٹرول سے باہر ہے۔ آئی ایم ایف پروگرام کے لیے رواں مالی سال کے دوران بجٹ خسارہ جی ڈی پی کے 0.6 فیصد یا 255 ارب روپے تک لانے کی یقین دہانی کرائی گئی تھی۔

وزارت خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات کے دوران وزیراعظم نے اپنی معاشی ٹیم کو بجٹ خسارے پر قابو پانے کے لیے چھوٹے اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعظم کو بتایا گیا ہے کہ مجموعی طور پر بجٹ خسارہ 3.43 ٹریلین روپے یا جی ڈی پی کا 8.9 فیصد رہا ہے جو وزارت خزانہ کی طرف سے پہلے بتائے گئے خسارے سے ساڑھے چھ ارب روپے زیادہ ہے۔ اس خسارے پر قابو پانے کے لیے حکومت کے پاس صرف ایک ہی آپشن ہے کہ یا تو ترقیاتی بجٹ پر کٹ لگائے یا پھر ٹیکسز میں مزید اضافہ کرے ۔ اجلاس میں وزیراعظم عمران خان پر زور دیا گیا کہ نیب قوانین کاروباری سرگرمیوں کی بحالی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں لہذا انہیں تبدیل کیا جائے۔مشیر خزانہ نے اپنی پریس بریفننگ میں نیب قوانین کے حوالے سے کوئی ذکر نہیں کیا۔