کشمیریوں، فلسطینیوں کےغدارپاکستان کے دوست نہیں ہوسکتے، حامد میر

کشمیریوں کے قاتل مودی کو بحرین میں بھی ایوارڈ مل گیا، کشمیریوں کی آواز بلند کرنے پرایران کے رہبر علی خامنائی کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ سینئرتجزیہ کار حامد کا ٹویٹ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 25 اگست 2019 22:12

کشمیریوں، فلسطینیوں کےغدارپاکستان کے دوست نہیں ہوسکتے، حامد میر
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 اگست2019ء) سینئرتجزیہ کار حامد میر نے کہا ہے کہ کشمیریوں اور فلسطینیوں کے غدار پاکستان کے دوست نہیں ہوسکتے،کشمیریوں کے قاتل مودی کو بحرین میں بھی ایوارڈ مل گیا، کشمیریوں کی آواز بلند کرنے پرایران کے رہبر علی خامنائی کا شکریہ۔ انہوں نے ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ کشمیریوں کے قاتل مودی کو بحرین میں بھی ایوارڈ مل گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران کے رہبر علی خامنائی کا شکریہ کہ اس مشکل وقت میں انہوں نے کشمیریوں کے حق میں آواز بلند کی۔ حامد میر نے کہا کہ فلسطین اور کشمیر کے ساتھ غداری کرنے والے کبھی پاکستان کے دوست نہیں ہو سکتے۔
واضح رہے متحدہ عرب امارات کے بعد بحرین نے بھی بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو اعلیٰ ترین ایوارڈ سے نوازا ہے۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز متحدہ عرب امارات کے دورے کے بعد بھارتی وزیراعظم نریندر مودی بحرین کے دارالحکومت منامہ پہنچے تھے، یہ کسی بھی بھارتی وزیراعظم کا اس خلیجی ریاست کا پہلا دورہ تھا۔ بھارتی وزیر اعظم نے امیر بحرین حمد بن عیسیٰ الخلیفہ اور بحرینی ہم منصب شہزادہ خلیفہ بن سلمان الخلیفہ سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔ نریندر مودی کو امیر بحرین حمد بن عیسیٰ الخلیفہ نے ’کنگ حماد آرڈر آف دی رینائسنس‘ کا اعزاز دیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز متحدہ عرب امارات کی جانب سے بھی بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو اعلیٰ ترین سول اعزاز دیا گیا تھا۔ مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال کے بعد برطانوی رکن پارلیمنٹ ناز شاہ نے اماراتی ولی عہد سے مودی کو اعزاز دینے کے فیصلے پر نظرثانی کا مطالبہ کیا تھا تاہم اس کے باوجود بھی یہ اعزاز بھارتی وزیراعظم کو دیا گیا۔ اس اعزاز پر پاکستانی عوام میں بھی شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے اور سوشل میڈیا پر بھی اس عمل کی شدید مذمت کی جارہی ہے۔

دوسری جانب بحرین میں بھارتی وزیراعظم نے بھارتی کمیونٹی سے خطاب بھی کیا اور ساتھ ہی 200 سالہ قدیم ’شری ناتھ‘ مندر میں پوجا پاٹ کی اور پرساد بھی تقسیم کیا۔ بھارتی وزیراعظم نے مندر کی بحالی کے منصوبے کا بھی افتتاح کیا جس پر 42 لاکھ ڈالر لاگت آئے گی۔