ڈیرہ اسماعیل خان ،ٹریفک حادثے میں دوافراد جاں بحق ،چودہ شدید زخمی

پیر 26 اگست 2019 17:16

ڈیرہ اسماعیل خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اگست2019ء) ٹریفک کے المناک حادثے میں دوافراد جاں بحق ،چودہ شدید زخمی ہوگئے ،زخمیوں کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کردیاگیا ، ڈیرہ چشمہ روڈ تھانہ کڑی خیسور کی حدود میں واقع لوہارانوالہ بند کے قریب مسافر بس کا اچانک ٹائر پھٹ گیا جس کے نتیجے میں وہ بے قابو ہوکر الٹ گئی ۔

(جاری ہے)

حادثے کے نتیجے میں بس میں سوار دو مسافر مبین احمد راجپوت ولد بشیر سکنہ کوٹلی آزاد کشمیر اور محمد بلال ولد عبدالستار سکنہ تحصیل صفدر آباد ضلع ننکانہ موقع پر جاں بحق ہوگئے جبکہ دیگر14 افراد زخمی ہوگئے۔

واقعہ کی اطلاع پر پولیس اور ریسکیوٹیمیں فوری طور پر جائے حادثے پر پہنچ گئی اور امدادی سرگرمیاں شروع کرکے زخمیوں کو بس سے باہر نکال کر انہیں طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کردیاگیا ہے ۔زخمیوں میں سے آٹھ افراد کی حالت انتہائی نازک بتائی گئی ہے ۔پولیس ذرائع کے مطابق متاثرہ بس ایبٹ آباد سے کوئٹہ جارہی تھی ۔ حادثے میں بس کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ کڑی خیسور پولیس نے اے ایس آئی اطلس خان کی رپورٹ پر حادثے کا مقدمہ بس ڈرائیور کے خلاف درج کرلیاہے۔