مسلم لیگ(ف) حیدرآباد کا کشمیر کے مظلوموں سے اظہار یکجہتی کے لیے احتجاجی مظاہرہ

پیر 26 اگست 2019 21:52

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اگست2019ء) پاکستان مسلم لیگ(فنکشنل) ضلع حیدرآباد کی جانب سے کشمیر کے مظلوموں سے اظہار یکجہتی کے لیے حیدرآباد پریس کلب کے سامنے ایک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین بھارتی جارحیت اور انسانی حقوق کی پامالی کے خلاف نعرے بازی کررہے تھے ۔ اس موقع پر مشتعل مظاہرین نے بھارتی پرچم نذرآتش کیا اور بھارتی وزیر اعظم مودی کے پتلے کو علامتی پھانسی دی۔

بعد ازاں اس پتلے کو بھاتی پرچم کے ساتھ آگ لگادی مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ف) حیدرآباد ضلع کے صدر رفیق مگسی نے خطاب کرتے ہو ئے کہا کہ حر مجاہدین نے ہمیشہ پاکستان کی نظریاتی جنگ لڑی ہے اور وقت پڑنے پر سرحدوں پر جاکر جانوں کے نذرانے بھی پیش کئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پیر صاحب پگارا نے حکم دیا تو ہم کشمیر کی آزادی اور بھارت کی بربادی کے لیے عملی جہاد کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ انسانی حقوق کی تنظیمیں کہاں ہیں جو پاکستان میں تو چھوٹے چھوٹے ایشوز اٹھاتی ہیں لیکن انہیں کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم نظر نہیں آرہے ہیں انہوں نے کہاکہ بھارت نے انسانی حقوق کی جو پامالی کی ہے اس کے یومِ حساب کا وقت آگیا ہے بہت جلد کشمیریوں کو آزادی ملے گی مظاہرین سے ماجد شاہ ،ندیم آزاد ،آفتاب لاڑک،عمران قریشی ،فقیر گلزار خاص خیلی ، فقیر فاروق راجڑ اور دیگر نے بھی خطاب کیا -