سیالکوٹ: سنگ دل شوہر نے اپنی بیوی کو چھریوں کے وار کرکے قتل کر دیا

ملزم نے باہر نکل کرشور مچا دیا کہ دو نقاب پوش افراد نے میری بیوی کو قتل کردیا ہے اور بھاگ گئے ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 27 اگست 2019 16:51

سیالکوٹ: سنگ دل شوہر نے اپنی بیوی کو چھریوں کے وار کرکے قتل کر دیا
سیالکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،27 اگست 2019ء، نمائندہ خصوصی، رحمان یوسف) سیالکوٹ کے نواحی علاقے بھانوکے یونین کونسل جامکے چیمہ تھانہ موترہ میں سنگ دل شوہر نے اپنی بیوی کو چھریوں کے وار کرکے قتل کر دیا۔مستری نوید حسن جٹ نے اپنی بیوی صغراں بی بی کو گردن پر چھریوں کے وار کرکے قتل کردیا۔مقتولہ کے 4 بیٹے اور 1 بیٹی ہیں جو کہ صبح سکول گئے ہوئے تھے جس دوران یہ واقعہ پیش آیا۔

بڑے بیٹے کے مطابق وہ اپنے والد کے ساتھ کام پر جاتا ہے۔صبح اس کے بھائی اور بہن سکول چلے گئے اور مجھے والد نے موٹر سائیکل کو پنکچر لگوانے کے لیے بھیج دیا۔اہل محلہ نے 8 بجے صبح صغراں کی چیخوں آواز سُنی۔ جب وہ گھر کے سامنے پہنچے تو دروازہ اندر سے لاک تھا۔جب ان کا ایک ہمسایہ اپنے گھر کی چھت پھلانگ ملزم کے گھر میں پہنچا تو مکان کی پہلی منزل پر بیڈ روم کے اندر مقتولہ کی نعش پڑی تھی۔

(جاری ہے)

جب کہ اس کا مبینہ قاتل شوہر مستری نوید واش روم میں تھا۔باہر نکل کر اس نے کہا کہ دو نقاب پوش افراد نے میری بیوی کو قتل کردیا ہے اور وہ بھاگ رہے ہیں۔ہمسائے نے دیگر لوگوں کے ساتھ مل کر گھر کی تلاشی لینے کے بعد جب گلی میں جھانکا تو وہاں کوئی بھی بندہ نظر نہ آیا۔اس خونی وقوعہ کی اطلاع پولیس کو دی جو موقع پر پہنچ گئی۔مستری نوید کو حراست میں لے لیا گیا جس نے تھانہ میں جا کر اقرار جرم کرلیا ہے۔مقتولہ کی نعش ڈسکہ ہسپتال منتقل کر دی گئی۔ بعد میں مقتولہ کی سوگواران کی موجودگی میں مقامی قبرستان میں تدفین کر دی گئی۔

متعلقہ عنوان :