تحصیل نظامت ایبٹ آباد نے ایک پائی کی کرپشن نہیں کی، تحصیل کونسل کے ریونیو کو 43 کروڑ تک بڑھایا ، ناظم اسحق ذکریا

بدھ اگست 11:32

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اگست2019ء) تحصیل ناظم ایبٹ آباد محمد اسحق ذکریا نے کہا ہے کہ تحصیل نظامت کے چار سالہ دور میں ایک پائی کی کرپشن نہیں کی، ان کا دامن صاف ہے، دور اقتدار میں تحصیل کونسل ایبٹ آباد کو معاشی طور پر مستحکم کر کے تحصیل ممبران اور ٹی ایم اے ملازمین کے تعاون سے صوبہ بھر میں مثالی بنایا، آنے والوں کو مالی دشواریوں کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔

وہ بدھ کو الوداعی تقریب میں چار سالہ کارکردگی کا جائزہ پیش کرنے اور ورکرز میں شیلڈز تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر تحصیل نائب ناظم ایبٹ آباد سردار شجاع احمد، ٹی ایم او سید فرمان شاہ کے علاوہ ایمپلائز یونین کے صوبائی عہدیدار شوکت کیانی، تحصیل ممبران صداقت خان، راجہ شجاعت، مجتبیٰ حسن، نعیم اعوان، ڈاکٹر عدنان، راشد خان، ٹی ایم اے کے تمام شعبوں کے افسران اور ملازمین بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

تقریب میں تحصیل نائب ناظم سردار شجاع احمد نے بھی چار سالہ دور میں کسی قسم کی کرپشن نہ کرنے کا حلف دیا۔ تحصیل ناظم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جس وقت آئے تھے اس وقت کہا تھا کہ جاتے ہوئے حلف دے کر جائیں گے، ہم تحصیل کونسل کو معاشی بدحالی سے نکال کر 11 کروڑ روپے کے ریونیو کو 43 کروڑ روپے تک لیکر گئے، وسائل بڑھانے سے صوبہ کی تاریخ میں بڑے میگا پراجیکٹ جناح پلازہ، طیب اردگان پلازہ کی تعمیرکی اور ملازمین کیلئے رہائشی کالونی کا منصوبہ شروع کیا اور افسران و ملازمین کو سہولیات دیتے ہوئے گاڑیاں، موٹرسائیکل اور لیب ٹاپ فراہم کئے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے سیاسی فوائد حاصل کرنے کی بجائے تحصیل کونسل کو مضبوط کیا اور کسی قسم کے اضافی ملازمین کی بھرتی بھی نہیں کی۔ تحصیل ناظم نے کہا کہ ایبٹ آباد میں پانی کے بحران کا سنگین مسئلہ حل کیا،7 کروڑ 50 لاکھ روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والی سکیم سے شہر کی یونین کونل کو پانی کے معاملہ میں تکلیف کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا، تحصیل کونسل کے مثالی اقدمات کی بدولت اسے صوبہ بھر میں نمایاں مقام حاصل تھا، صوبہ کی تاریخ میں اہم منصوبوں کی بنیاد رکھی، شہر میں شیلٹر ہوم کے قیام کیلئے فنڈ فراہم کیا۔

انہوں نے ملازمین کا معیار زندگی بلند کرنے کیلئے 3 کروڑ 50 لاکھ روپے کے فنڈ کی بھی منظوری دی۔ اس موقع پر تحصیل ناظم نے اعلیٰ کارکردگی دکھانے پر ٹی ایم اے افسران اور ملازمین کو شیلڈ بھی دیں اور حلف اٹھایا کہ ٹی ایم اے کے پیسہ سے ایک پائی کی کرپشن نہیں کی، جو اثاثے الیکشن سے پہلے تھے آج بھی وہی ہیں، واپس آنے کیلئے آج جا رہے ہیں۔ تحصیل ناظم اور نائب ناظم نے تمام ملازمین اور افسران کے تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا۔