حقیقی کزن کے قتل کے بعد لاش کو چھریوں سے مسخ کرنے والے ملزم گرفتار

زمین کے تناذعہ پر ہوائی فائرنگ اور لڑائی جھگڑاکرنے والوں کے خلاف مقدمہ درج کرلئے گئے ہیں،ایس پی مظہر اقبال

بدھ 28 اگست 2019 17:05

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اگست2019ء) سپرنٹڈنٹ پولیس صدر ڈویژن نے کہاہے کہ لڑکیوں کے معاملے پر کزن کو قتل کر کے اس کی لاش کو چھریوں سے مسخ کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے،گرفتار ملزم قمر اقبال نے گزشتہ ماہ تھانہ کوٹلی ستیاں کے علاقہ میں اپنے حقیقی کزن اورنگزیب کو فائر مار کر قتل کر دیا۔گذشتہ روز میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ایس پی نے بتایا ہے کہ ملزم نے چھریوں کے ساتھ مقتول کی لاش کو مسخ کر دیا ہے اورمقتول کی لاش کی ناک اور کان کاٹ دئیے تھے۔

سفاک قاتل لاش کے چہرے پر بھی چھریاں مارتا رہا،سفاک ملزم کی گرفتاری پر سی پی او فیصل رانا کی ایس پی صدرکی کاوشوں کو سراہا ہے۔ دریں اثناء ایس پی مظہر اقبال نے یہ بھی بتایا ہے کہ تھانہ جاتلی کے علاقے مستالہ گاوں میں لڑائی جھگڑا اور ہوائی فائرنگ کے واقعہ کا پولیس نے فضل حسین کی مدعیت میں مقدمہ نمبر 240 بجرم 337Hii/ 148/149 ت پ تھانہ جاتلی میں مقدمہ درج کر لیا۔

(جاری ہے)

دونوں فریقین کے مابین زمین کے تنازعہ کی وجہ سے لڑائی جھگڑا ہوا۔ مدعی مقدمہ نے بیان میں 9ملزمان طارق لطیف ،باسط، شباب انجم ، عمران ،فیصل اور ندیم عرف منا و دیگر ملزمان کو نامزد کیا ہے۔ایس پی کا کہنا تھا کہ کوئی بھی شخص قانون سے بالاتر نہیں ہے ملزمان کو گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور مظلوم کو انصاف دلانے کے لئے تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے،تشدد اور ہوائی فائرنگ کرنے والے ملزمان کسی بھی معافی کے مستحق نہیں ہیں۔