وہاڑی شہرکے بازاروں میں تجاوزات کی بھرمار،پیدل چلنادُشوارہوگیا

وہاڑی کے معروف بازاروں ریل بازار،کارخانہ بازار،جناح روڈ،کلب روڈ،چوڑی بازار،لنڈابازارسمیت تمام بازار ِان دنوں تجاوزات کی زدمیں ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 28 اگست 2019 17:46

وہاڑی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،28 اگست 2019ء، نمائندہ خصوصی، منور حُسین رجانہ) وہاڑی شہرکے بازاروں میں ناجائزتجاوزات کی بھرمار ہو چکی ہے۔پیدل چلنادُشوارہوگیا۔خریداری کیلئے آنے والے موٹرسائیکل سواروں کوموٹرسائیکل کھڑی کرنے کیلئے پریشانی کاسامناکرناپڑتاہے۔ میونسپل ایڈمنسٹریشن کے عملہ کی طرف سے ناجائزتجاوزات کے خاتمہ کیلئے اقدامات نہ کرنے پرشہری حیران وپریشان نظر آتے ہیں۔

تفصیل کے مطابق وہاڑی کے معروف بازاروں ریل بازار،کارخانہ بازار،جناح روڈ،کلب روڈ،چوڑی بازار،لنڈابازارسمیت تمام بازار ان دنوں ناجائزتجاوزات کی زدمیں ہیں۔ دُکانداروں نے فٹ پاتھ اوردکانوں کے سامنے واقع پیدل چلنے والوں کیلئے جگہ پرسامان پھیلارکھاہے جس کی وجہ سے بازارسکڑکرپیدل چلنے اورخریداری کیلئے آنے والوں کیلئے مسائل پیداکررہے ہیں جبکہ موٹرسائیکل سواروں کوموٹرسائیکل کھڑی کرنے کیلئے بھی دشواری کاسامنارہتاہے اگروہ کسی دکان کے سامنے موٹرسائیکل کھڑی کردیں تودکانداراوران کے کارندے لڑنے مارنے پرتل جاتے ہیں جس کی وجہ سے موٹرسائیکل سواراپنی سواری سمیت بازاروں میں داخل ہوجاتے ہیں۔

(جاری ہے)

ایسے میں خریداروں خصوصاًخواتین کوشدیدمشکلات کاسامناکرناپڑتاہے۔ میونسپل ایڈمنسٹریشن کے عملہ نے ان تجاوزات پرمبینہ طورپرمجرمانہ خاموشی اختیارکررکھی ہے۔ شہریوں محمداحمد،عبدالوہاب،محمداطہر،غلام کبریا،طارق محمودودیگرکاکہناہے کہ میونسپل کمیٹی میں سیاسی بلدیاتی نمائندوں کے ادوارمیں صورتحال کچھ بہترتھی لیکن جب سے بلدیاتی ادارے ختم ہوئے ہیں اورایڈمنسٹریٹرمقررہوئے ہیں، صورتحال بدسے بدترہوتی جارہی ہے۔ شہرکاکوئی پرسان حال نہیں ہے ۔شہریوں نے کمشنرملتان اورڈپٹی کمشنرسے تجاوزات کے خاتمہ کیلئے اقدامات کرنے کامطالبہ کیاہے تاکہ خریداروں کی مشکلات کاخاتمہ ممکن ہوسکے۔