وفاقی اور صوبائی محکموں کے ایک لاکھ 15ہزار ملازمین ایف بی آر میں غیر رجسٹرڈ نکلے

غیر رجسٹرڈ سرکاری ملازمین کو ازخود ٹیکس نیٹ میں رجسٹرڈ کرنے کیلئے کارروائی شروع ،گوشواروں کیلئے نوٹسز جاری کئے جائینگے

بدھ 28 اگست 2019 23:53

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اگست2019ء) صوبائی دارالحکومت لاہور میں وفاقی اور صوبائی محکموں کے ایک لاکھ 15ہزار ملازمین ایف بی آر میں غیر رجسٹرڈ نکلے ،نیشنل ٹیکس نمبر بھی حاصل نہیں کیا ۔ایف بی آر نے اے جی پی آر اور اکائونٹنٹ جنرل پنجاب آفس سے غیر رجسٹرڈ سرکاری ملازمین کا ڈیٹا حاصل کرلیا ہے ۔پولیس کے ہزاروں ملازمین و افسران تاحال ایف بی آر کے ٹیکس نیٹ میں موجود نہیں۔

(جاری ہے)

اسی طرح چلڈرن ہسپتال،جناح ہسپتال،جنرل ہسپتال،سروسزہسپتال ،گنگا رام اورمیو ہسپتال کے بیشتر ڈاکٹرز و ملازمین بھی غیر رجسٹرڈ ہیں۔محکمہ اینٹی کرپشن،ایف آئی اے،واسا،لوکل گورنمنٹ،مواصلات و تعمیرات کے زیادہ تر افسران وملازمین بھی تاحال ٹیکس نیٹ میں موجود نہیں۔غیر رجسٹرڈ سرکاری ملازمین کو ازخود ٹیکس نیٹ میں رجسٹرڈ کرنے کیلئے آرٹی او ٹو نے کارروائی شروع کردی ہے ۔سرکاری افسران ملازمین کو از خود رجسٹرڈ کرنے کے بعد گوشواروں کیلئے نوٹسز جاری کئے جائیں گے۔