کراچی ،اسکول کے سوئمنگ پول میں ڈوب کر بچے کی موت، ٹرینرز گرفتار

جمعرات 29 اگست 2019 13:28

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اگست2019ء) کراچی میں اسکول کے سوئمنگ پول میں ڈوب کر جاں بحق ہونے والے کم عمر لڑکے کی تدفین کردی گئی جبکہ پولیس نے قتل بالسبب کے الزام میں 2 انسٹرکٹرز کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق اسکول کے سوئمنگ پول میں بچے کی موت کے بعد واقعے کی تفتیش کا آغاز کردیا گیا۔

(جاری ہے)

علاقے کے اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) اسلم جٹ نے بتایا کہ پولیس نے متوفی عثمان کے والد ذیشان احمد درانی کی مدعیت میں دفعہ 322 (قتل بالسبب) کے تحت ایف آئی آر درج کرتے ہوئے 2 انسٹرکٹرز کو گرفتار کرلیا۔

ادھر ڈاکٹر روتھ فاؤ سول ہسپتال کراچی میں بچے کا پوسٹ مارٹم کیا گیا، جس کے بارے میں پولیس سرجن ڈاکٹر قرار احمد عباسی نے تصدیق کی کہ بچے کی موت ڈوبنے سے ہوئی۔دوسری جانب بچے کی نماز جنازہ گلستان جوہر میں ادا کردی گئی، جس میں علاقہ مکینوں اور مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندوں نے شرکت کی، بعد ازاں ان کی تدفین مقامی قبرستان میں کردی گئی۔خیال رہے کہ مولوی تمیزالدین خان روڈ پر واقع اسکول میں سوئمنگ کلاس کے دوران چھٹی جماعت کا طالب علم ڈوب کر جاں بحق ہوگیا تھا۔