سرگودھا‘تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں ڈلیوری کے دوران زچہ و بچہ جاںبحق ‘لواحقین کا ڈاکٹرز کیخلاف احتجاج

جمعرات 29 اگست 2019 14:49

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اگست2019ء) تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں ڈلیوری کے دوران زچہ و بچہ کے جاںبحق ہو جانے پر لواحقین نے کٹھہ چوک میں میت رکھ کر ڈاکٹرز کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے روڈ بلاک کر دیا۔پولیس حکام نے مذاکرات کے ذریعے مظاہرین کو منتشر کر کے نعش طبی ملاحظہ کے لئے ہسپتال منتقل کروا دی اور انصاف کی فراہمی کا یقین دلایا۔

زرائع کے مطابق خوشاب پرانا چوک کی یاسمین زوجہ محمد خان کو ڈلیوری کے لئے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال لیجایا گیا جہاں پر ڈیوٹی لیڈی ڈاکٹر نے مریض کو پرائیویٹ کلینک منتقل کر کے ڈلیوری پر زور دیا جن کے انکار پر کیس کو دو یوم کے لئے التواء میں ڈال کر مختلف ٹیسٹوں اور خون کی دستیابی کیلئے لواحقین کو الجھائے رہا گیا جس میں زچہ و بچہ کے جاںبحق ہونے کو ورثاء نے ڈاکٹروں کی غفلت اور ماں بچے کا قتل قرار دیا اور متوفیہ کی نعش سڑک پر رکھ کر روڈ بلاک احتجاج کیا اور مطالبہ کیا کہ انصاف کے تقاضے پورے کرتے ہوئے ذمہ دار ڈاکٹرز کے خلاف کاروائی کی جائے پولیس نے موقع پر پہنچ کر مذاکرات کرتے ہوئے روڈ بحال کروا دیا اور نعش طبی ملاحظہ کے لئے ہسپتال منتقل کر دی جبکہ لواحقین کو فراہمی انصاف کی یقین دہانی کروائی۔

(جاری ہے)

اس احتجاج کے باعث شاہراہ پر ٹریفک جام اور لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔