برآمد ہونے والے شیشے پر گیس کے رعایتی نرخوں کا اطلاق نہ کرنے کیخلاف درخواست پروفاقی حکومت سے جواب طلب

جمعہ 30 اگست 2019 21:38

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اگست2019ء) لاہور ہائیکورٹ نے برآمد ہونے والے شیشے پر گیس کے رعایتی نرخوں کا اطلاق نہ کرنے کے خلاف درخواست پروفاقی حکومت سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت 3ستمبر تک ملتوی کر دی ۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس جواد حسن نے سماعت کی۔

(جاری ہے)

درخواست گزاروں نے موقف اپنایا کہ دیگر کئی شعبوں کو رعایتی نرخوں پر گیس فراہم کی جارہی ہے لیکن اربوں روپے کا زرمبادلہ لانے والی گلاس انڈسٹری کوجان بوجھ کے نظر انداز کیا گیا جس سے برآمدات متاثر ہونے اورزرمبادلہ میں کمی کا خدشہ ہے۔

استدعا ہے کہ برآمد ہونے والے شیشے پر گیس کے رعایتی نرخوں کا اطلاق کرنے کاحکم دیا جائے ۔ دوران سماعت عدالت نے استفسار کیا کہ بتایا جائے لاڈلے سیکٹرز کون کون سے ہیں ۔ ایف بی آر نے بتایا کہ کارپٹ، ٹیکسٹائل، لیدر، سرجیکل اور سپورٹس سیکٹرزکو گیس میں رعایت حاصل ہے۔ اس موقع پر سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز کے وکیل نے موقف اپنایا کہ پانچ سیکٹرز کو رعایتی گیس کی منظوری اقتصادی رابطہ کونسل نے دی ۔متعلقہ فورم سے رجوع نہ کرنے پر مذکورہ درخواست مسترد کی جائے ۔