Live Updates

ملک شہزاد اعوان نے وفاقی وزیر فیصل واوڈا کے گھر پر بلائے گئے ورکرز اجلاس پر تحفظات کا اظہار کردیا

کچھ مخصوص افراد کو مدعوکرنے پر تشویش ہے،بلدیہ ٹاؤن کے مسائل کے حل کیلئے ڈیفنس میں اجلاس بلانا سمجھ سے بالاتر ہے فیصل واوڈا کی دل سے عزت کرتا ہوں لیکن بطور ایم این اے انہیں بلدیہ ٹاؤن میں کام کرنا ہوگا،رہنما تحریک انصاف کا ردعمل

ہفتہ 31 اگست 2019 16:51

ملک شہزاد اعوان نے وفاقی وزیر فیصل واوڈا کے گھر پر بلائے گئے ورکرز اجلاس ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 اگست2019ء) پاکستان تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی ملک شہزاد اعوا ن نے وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا کے گھر میں منعقد کیے جانے والے ورکرز جلاس پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اجلاس میں کچھ مخصوص افراد کو مدعو کرنے پر مجھے سخت تشویش ہے ۔بلدیہ ٹاؤن کے مسائل کے حل کیلئے ڈیفنس میں اجلاس بلانا سمجھ سے بالاتر ہے ۔

فیصل واوڈا کی دل سے عزت کرتا ہوں لیکن بطور ایم این اے انہیں بلدیہ ٹاؤن میں کام کرنا ہوگا۔میں کسی صورت میں بھی بلدیہ ٹاؤن کی ترقی کی راہ میں ان خوشامدیوں کو نہیں آنے دونگا۔ہفتہ کو جاری بیان میں ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ وفاقی وزیر فیصل واڈا کے گھر ورکر اجلاس بلایا گیا جس میں سینئر اور قابل ورکرز کو چھوڑ کر کچھ خوشامدی کارکنوں نے شرکت کی جو اپنے آپ کو سینئرکارکن کہتے ہیں۔

(جاری ہے)

اس اجلاس میں مخصوص انداز میں کچھ مخصوص لوگوں کو بلایا گیا جس پر مجھے تشویش ہے۔ یہ اجلاس بلدیہ ٹاؤن میں ہونا چاہیے تھا لیکن اس کا انعقاد ڈیفنس میں کیا گیا ۔انہوںنے کہا کہ 2018 کی الیکشن مہم میں جن ورکرز نے سخت محنت کی اور ان ہی بدولت این اے 249اور پی ایس 116سے تحریک انصاف نے کامیابی حاصل کی ان کو دیووار سے لگانا کسی صورت برداشت نہیں کرسکتا۔

انہوں نے کہا کہ اس اجلاس میں ورکرز کی بڑی تعداد نے مجھ سے پوچھ کر شرکت کی میں نے کسی ورکر کو جانے سے نہیں روکا،مں اس طرح کی گندی سیاست نہیں کرتا کہ کارکنان سے ان کا حق چھین لوں لیکن اس اجلاس میں موجود کچھ خوشامدی ورکرز جو اپنے آپکو سینئرز کہلواتے ہیں وہ بلدیہ ٹاؤن کو یرغمال بنانا چاہتے ہیں۔ان نام نہاد سینئرز میں کام کرنے کی صلاحیت ہی نہیں رکھتے ہیں ۔

یہی خوشامدی ورکرز دراصل بلدیہ ٹاؤن کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہیں جن کو کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔انہوںنے کہا کہ میری اور فیصل واوڈا کی ایک سال کی کارکردگی کو سامنے رکھا جائے۔ فیصل واوڈا نے یہاں سے ووٹ لیے ہیں جس کی بدولت آج وہ وزیر ہیں انہیں بلدیہ ٹاؤن میں برابر کا کام کرنا ہوگا۔بلدیہ ٹاؤن میرا گھر ہے میں کسی صورت میں بھی بلدیہ ٹان کی ترقی کی راہ میں ان خوشامدیوں کو نہیں آنے دونگا، بلدیہ کے عوام کو ان خوشامدیوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتا ۔

بلدیہ کی ترقی یقینی بنانے کے لیے میں اس طرح کے لوگوں کو واضح پیغام دینا چاہتا ہوں کہ اپنا قبلہ درست کرلیں اور خوشامد پسندی کی سیاست سے باز رہیں۔انہوں نے کہا کہ اجلاس کی دعوت کے باوجود میں نے اپنے تحفظات کے تحت احتجاجاً اجلاس میں شرکت نہیں کی میری اور میری ٹیم کی بلدیہ ٹاؤن کے عوام اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے بہت سی کاوشیں ہیں جن پر کچھ مفاد پرست اپنی سیاست چمکانا چاہتے ہیں اس طرح کے لوگوں کے ہاتھوں بلدیہ ٹاؤن کو یرغمال بنے نہیں دونگا۔

فیصل واوڈا کی دل سے عزت کرتا ہوں لیکن بطور ایم این اے انہیں بلدیہ ٹاؤن میں کام کرنا ہوگا میرا ان سے اختلاف طریقہ کارپرہے اور اس طرح کے اختلاف میں آگے بھی کر سکتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس میں موجود ورکرز کی بڑی تعداد میری رضامندی سے شریک ہوئی ۔میرے تحفظات چند ورکرز پر ہیں جو بلدیہ ٹان کو اپنی گندی سیاست کی نظر کرنا چاہتے ہیں۔دریں اثناء رکن سندھ اسمبلی نے اس ضمن میں اتوار کو ملک شہزاد اعوان چوک واقع این اے 249 کے مرکزی آفس میں اجلاس طلب کیا ہے جس میں سینئر ورکرز کی مشاورت کے بعد اگلے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات