Live Updates

وزیراعظم نے تین ماہ میں معاشی صورتحال بہت بہتر ہونے کی نوید سنادی ہے،ایس ایم منیر

پاکستان کی معیشت درست سمت میں گامزن ہونے اور ملکی معاشی حالات بہتر ہونے کی اطلاعات خوش آئند ہیں،سرپرست اعلیٰ یو بی جی

ہفتہ 31 اگست 2019 21:17

وزیراعظم نے تین ماہ میں معاشی صورتحال بہت بہتر ہونے کی نوید سنادی ہے،ایس ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 اگست2019ء) یونائٹیڈ بزنس گروپ کے سرپرست اعلیٰ اور ایف پی سی سی آئی کے سابق صدرایس ایم منیر نے کہاہے کہ میری وزیر اعظم عمران خان سے بات ہوئی ہے اور انہوں نے دو سے تین ماہ میں معاشی صورتحال بہت بہتر ہونے کی نوید سنادی ہے ، ہماری بھی دعا ہے کہ پاکستان کے معاشی مسائل جلد ختم ہوں ،برآمدات بڑھانی تو ہے لیکن اگر ریفنڈ نہیں دیئے جائیں گے تو کیسے بڑھے گی ، غیر ملکی سرمایہ کاری مسلسل گھٹ رہی ہے ، برآمداکنندگان کے مسائل سنے جائیں گے تو کچھ کام ہوسکے گا کیونکہ برآمدات بڑھنے سے ہیمملک میں ڈالرز کی فراوانی ہوگی ۔

انہوںنے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز چیئرمین کرئون گروپ فرحان حنیف کی جانب سے مقامی ہوٹل میں اپنے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ میں گفتگو کے دوران کہی۔

(جاری ہے)

اس موقع پرسینیٹر عبدالحسیب خان،ترجمان یو بی جی گلزارفیروز، خا لدتواب،عبدالسمیع خان،نوراحمدخان،شکیل احمدڈھینگڑا،زاہدسعید،راشد صدیقی،فرخ مظہر،شہزادمبین،اکرام راجپوت اور دیگر بھی موجود تھے۔

ایس ایم منیر نے کہا کہ گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان ڈاکٹر رضا باقرکی جانب سے پاکستان کی معیشت درست سمت میں گامزن ہونے اور ملکی معاشی حالات بہتر ہونے کی اطلاعات خوش آئند ہیں،ہم موجودہ حکومت کی مکمل کامیابی چاہتے ہیں اوروزیراعظم عمران خان ملکی معیشت کے استحکام کیلئے بھرپور جدوجہد بھی کررہے ہیں لیکن بزنس کمیونٹی کی مشاورت کے بغیرکئے گئے فیصلے ملکی معیشت کو مستحکم نہیں بنا سکیں گے اس لئے تمام فیصلوں میں ایف پی سی سی آئی سے تجاویز لی جائیں ۔

سرپرست اعلیٰ یو بی جی نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی نے ملک بھر کی کاروباری برادری کے مسائل حل کرانے کا عزم کررکھا ہے اور گزشتہ 5انتخابات میں یو بی جی کے پلیٹ فارم سے کامیاب ہونے والے فیڈریشن کے عہدیداران نے مسائل حکومت تک پہنچا کر انہیں حل کرانے کی بھرپور جدوجہدکی ہے اور مجھے اور ہمارے چیئرمین افتخار علی ملک کواس بات پر فخر ہے کہ ہم نے مسلسل پانچ سال ایف پی سی سی آئی کو بہترین ٹیم دی، موجودہ مشکل ترین حالات میںبھی ملکی تاجراورصنعتکارکاروبار جاری رکھتے ہوئے ایک طرح سے جہاد کررہے ہیں، اشد ضرورت اس بات کی ہے کہ فیڈریشن چیمبر آف کامرس مضبوط ہاتھوں میں رہے تاکہ فیڈریشن کا اثاثہ محفوظ رہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے گروپ کی کامیابیوں کی بڑی وجہ یہ ہے کہ ہم نے کوئی بھی فیصلے ڈرائنگ روم میں بیٹھ کر نہیں کئے بلکہ اجتماعی فیصلوں کو ترجیح دی اور ہم نے تمام تر الیکشن انتخابات میں ووٹوں کے ذریعہ جیتے ہیں ، ہمیں ملک کو سماجی اوراقتصادی لحاظ سے مستحکم بنانے کے لئے بھرپورکوششیں کرناہوں گی جبکہ ایک مستحکم معاشرے کا قیام بھی ضروری ہے جہاں کے نوجوان اپنی صلاحیتوں کے مطابق ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کرسکیں ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات