امریکی شہری کو جمیکا سے واپسی پر شہد لانا مہنگا پڑگیا، 82 روزقید کی سزا

شہدمیں منشیات کی ملاوٹ پر کتے نے سونگھ کر بھونکنا شروع کردیاجس پر سزا سنائی گئی،متاثرہ شہری لیون

اتوار 1 ستمبر 2019 11:45

امریکی شہری کو جمیکا سے واپسی پر شہد لانا مہنگا پڑگیا، 82 روزقید کی سزا
میری لینڈ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 ستمبر2019ء) امریکی ریاست میری لینڈ سے تعلق رکھنے والے لیون ہوٹن نے جمیکا سے واپسی پر اپنے ساتھ پسندیدہ شہد لانے کا فیصلہ کیا تو اس کے وہم و گمان میں بھی نہ تھا کہ وہ اس شہد کے سبب بالٹی مور کے ہوائی اڈے پر منشیات کی اسمگلنگ کے غلط مفروضے کے تحت دھر لیا جائے گا۔امریکی ٹی وی کے مطابق لیون گذشتہ برس کرسمس کی چھٹیاں اپنے خاندان کے ساتھ گزار کر واپس امریکا پہنچا تو ہوائی اڈے پر منشیات سونگھنے والے تربیت یافتہ کتے نے اس کے بیگ پر بھونکنا شروع کر دیا۔

لیون کو فوری طور پر حراست میں لے لیا گیا۔ پوچھ گچھ اور تحقیقات کے دوران لیون نے کہا کہ کتے نے جس چیز پر شک ظاہر کیا وہ اس کے بیگ میں موجود فاسٹ فوڈ کا باقی کھانا تھا۔

(جاری ہے)

تاہم لیون کی بات پر توجہ نہیں دی گئی اور اسے کام کے لیے رہائی کی اجازت کے باوجود جیل میں گرفتار رکھا گیا۔ یہاں تک کہ میری لینڈ کی لیب کی جانب سے معائنے کے بعد یہ تصدیق کی گئی کہ لیون کے شہد میں منشیات نہیں پائی گئی ، اس کے باوجود اس نے مزید کئی ہفتے جیل کی سلاخوں کے پیچھے گزارے۔

تاہم لیون کے گرین کارڈ کے حامل ہونے کے سبب امریکی امیگریشن اور کسٹم قوانین نافذ کرنے والی ایجنسی کا فیصلہ آنے تک دو ہی امکان تھے۔ یا تو اسے جیل میں رکھا جاتا اور یا پھر امریکا سے بے دخل کر دیا جاتا۔اس طرح شہد رکھنے کی پاداش میں لیون ہوٹن کو 82 روز جیل کی سلاخوں کے پیچھے گزارنے پڑے۔