مظفرگڑھ۔ ملکی دفاع کا انحصار معاشی ترقی میں ہے، تصدق حسین جیلانی

اتوار 1 ستمبر 2019 14:00

ْ مظفرگڑھ ۔ یکم ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 ستمبر2019ء) ملکی دفاع کا انحصار معاشی ترقی میں ہے، کمزور معیشت کی وجہ سے روس ٹکڑے ٹکڑے ہوا اور آج مضبوط معیشت کی بل بوتے پر بھارت کشمیر کو غصب کرنے کے در پر ہے، مضبوط پاکستان کیلئے جذبات سے نہیں عقل سے کام لینا ہے، برداشت کا جذبہ پیدا کریں، جینے اور جینے دوکی پالیسی پرعمل کریں،دوسروں کے حق کو تسلیم کریں دوسروں کے نظریات کی قدر کریں یہ بات سابق چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی نے مظفرگڑھ میں منعقدہ شان مظفرگڑھ کی تقریب سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کہی۔

تصدق حسین جیلانی نے کہا کہ آج معاشی مفادات کو مذہبی مفادات پر فوقیت حاصل ہے، ہمیں بھی اپنی معاشی ترقی کیلئے قومی ایکشن پلان بنانا ہوگا، قومی لائحہ عمل مرتب کرنا ہوگا تاکہ قومی مفادات کا تحفظ ممکن ہوسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حضرت محمد کی حدیث کہ انصاف کی ایک گھڑی عبادت کی ایک ہزار راتوں سے افضل ہے میرے لیے مشعل راہ رہی، شان مظفرگڑھ کا اعزاز میرے لیے باعث مسرت ہے، مظفرگڑھ کی آم اور کجھور مجھے آج بھی یاد ہیں، مظفرگڑھ نے بڑی ترقی کی ہے لیکن یہاں کی عوام میں احساس محرومی ہے، مقامی سیاسی نمائندے مظفرگڑھ کی تعمیرو ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کرتے رہے ہیں اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے، میں بھی ممبران اسمبلی سے اپیل کرتا ہوں کہ مظفرگڑھ کی ترقی اور عوامی مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کریں۔

قبل ازیں ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر احتشام انور نے اپنے خطاب میں کہا کہ ضلع مظفر گڑھ بڑی تاریخی اور جغرافیائی اہمیت کا حامل ہے۔یہ مردم خیز خطہ ہے جہاں بہت سے نامور سپوتوں نے جنم لیا ہے،آج سے 225 سال پہلے 1794 میں والئی ملتان نواب مظفرخان شہید نے اس شہر کی بنیاد رکھی،ضلعی انتظامیہ نے شہر کی 225 سال مکمل ہونے کی مناسبت سے اس شہر کی ازسر نو تعمیر کے لیے شہر نو کے نام سے تقریبات اور پراجیکٹس کا آغاز کیا ہے، آج کی یہ شان مظفرگڑھ ایوارڈ تقریب اسی سلسلے کی کڑی ہے،شہر کا پہلا باقاعدہ آڈیٹوریم مکمل ہو چکا ہے آج کی اس تقریب کے انعقاد کے ساتھ ہی اس کا افتتاح ہورہا ہے،آج کی تقریب شان مظفرگڑھ میں اس دھرتی نے اپنے عظیم سپوتوں کی خدمات کا اعتراف کرنے، انھیں خراج تحسین پیش کرنے اور نسل نو کو ان کے کارہائے نمایاں سے آگاہ کرنا ہے۔

انہوں نے کہامزید کہا کہ وزیراعظم پاکستان اور وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے وژن کے مطابق مظفرگڑھ نے شہر نو کا سفر شروع کردیا ہے جس میں فیاض پارک کی جدید خطوط پر بحالی، یاد گار کلب کی تزین و آرائش اور عام آدمی کی رسائی کو ممکن بنانا، کرکٹ سٹیڈیم کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کر کے ایک قومی سٹیڈیم کا درجہ دینا، شہر کی دو رویہ سڑک کی تکمیل، مظفرگڑھ شاپنگ مال ون، تلیری سفاری پارک، کوڑے خان کا مزار، علی پور کے انار کے تحفظ کا پروجیکٹ، مقابلے کے امتحانات کی تیاری کا سنٹر، ڈی سی آفس میں سہولت سنٹر کا قیام، آواز خلق ہیلپ لائن، ایک ہزار ایکٹر پر انڈسٹریل پارک، ایشین ترقیاتی بینک کے معاونت سے سیوریج نظام کی بحالی جیسے منصوبے شامل ہیں، انہوں نے کہا کہ ان تمام منصوبوں میں مقامی قیادت کا تعاون اور مشاور ت شامل حال رہی ہے اور موجودہ حکومت کے وعدے کے مطابق تبدیلی کاسفر شروع ہوچکا ہے۔

اس موقع پر مشیر زراعت سردار عبدالحئی خان دستی نے کہا کہ مظفرگڑھ ہمارا شہر ہے، اس کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے پنجاب حکومت ہر ممکن اقدامات کرے گی اور اس شہر کو ایک مثالی شہر بنائیں گے، ترقی کا یہ سفر جاری رہے گا۔