بلوچستان اور بلوچ قوم کو قبائلی تنازعات نے نا قابل تلافی نقصان پہنچایا ہے، سردار محمد اسلم بزنجو

اتوار 1 ستمبر 2019 19:35

خضدار ۔ یکم ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 ستمبر2019ء) نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء سابق صوبائی وزیر سردار محمد اسلم بزنجو نے کہا ہے کہ بلوچستان اور بلوچ قوم کو قبائلی تنازعات نے نا قابل تلافی نقصان پہنچایا ہے، اب وقت آ گیا ہے کہ ہم اپنے آبا و اجداد کے قبائلی رسم و رواج کے تحت قبائلی تنازعات کے حل کی جانب عملی طور پر پیش قدمی کریں،قبائلی تنازعہ اور رنجشیں چاہے جس بھی قبیلہ کے درمیان ہوں لیکن اس کے اثرات سے پورا بلوچستان متاثر ہوتا ہے،زہری میں چند روز قبل جو نا خوش گوار واقعہ پیش آیا اس کے متعلق چیف آف سراوان نواب محمد اسلم خان رئیسانی اور جھالاوان کے علماء کرام کا مجھ سے رابطہ ہوا ہے میں اور میری سیاسی جماعت نیشنل پارٹی اس تنازعہ سمیت تمام تنازعات کے حل کے لئے ہر ممکن تعاون کرنے کو تیار ہیں اور ہماری دعا ہے کہ اللہ نواب رئیسانی کی کوششوں کو کامیابی سے ہمکنار کریں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بزنجو ہاوس خضدار میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ سردار محمد اسلم بزنجو کا کہنا تھا کہ تاریخ گواہ ہے بلوچ قوم کو سب سے زیادہ نقصان قبائلی تنازعات نے پہنچایا ہے، ہمارے اچھے قابل اور زیرک لوگ ان قبائلی تنازعات کی وجہ سے مارے گئے، ان قبائلی تنازعات کے حل کے لئے قبائلی سرداران،علماء کرام سمیت ہر بلوچ کو کردار ادا کرنا چائیے، تمام رنجشوں،تنازعات اور معاملات کا حل ہمارے اباو اجداد کی قبائلی رسم و رواج میں موجود ہیں ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اپنی قبائلی رسم و رواج کو سامنے رکھتے ہوئے ان تنازعات کے حل کے لئے عملی طور پر پیش قدمی کرنا شروع کریں، میں سمجھتا ہوں سراوان ہو یا جھالاوان رخشان ہو یا کہ مکران جہاں بھی ایک قبیلہ کے درمیان تنازعہ ہوا ہے اس کے اثرات سے پورے بلوچستان خاص کر مندرجہ بالا علاقے متاثر ہوئے ہیں۔