نیشنل بینک کے بعد از ٹیکس منافع میں چھ ماہ کے دوران 11فیصدکمی

پیر 2 ستمبر 2019 10:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 ستمبر2019ء) سال 2019ء کی پہلی ششماہی میں جنوری تا جون کے دوران نیشنل بینک آف پاکستان (این بی پی) کے بعد از ٹیکس منافع میں 11فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے۔ پاکستان سٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو بھیجے گئے مالیاتی اعدادو شمار کے مطابق جنوری تا جون 2019ء کے دوران این بی پی نے 11ہزار 101 ملین روپے کا خالص نفع کمایا ہے جبکہ گزشتہ سال میں جنوری تا جون 2018ء کے دوران بینک نے 12ہزار 492 ملین روپے کا بعد از ٹیکس منافع کمایا تھا اس طرح گزشتہ سال کے مقابلہ میں رواں سال کے ابتدائی چھ ماہ کے دوران این بی پی کے بعد از تیکس منافع میں 1391 ملین روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے جس کے نتیجہ میں بینک کی فی حصص آمدن بھی 5.58 روپے کے مقابلہ میں 5.22 روپے فی حصص تک کم ہوگئی ہے۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق سال 2018ء کی پہلی ششماہی کے مقابلہ میں سال 2019ء کے اسی عرصہ کید وران این بی پی کے قبل از ٹیکس نفع میں 19 فیصد کا اضافہ ہوا ہے اور قبل از ٹیکس منافع 17160 ملین روپے کے مقابلہ میں 20385 ملین روپے تک برھ گیا تاہم ٹیکسز میں 99 فیصد کے اضافہ سے این بی پی کے بعد از ٹیکس منافع میں11 فیصد کی کمی ہوئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق سال 2018 ء میں جنوری تا جون کے لئے نیشنل بینک نے 4668 ملین روپے کے ٹیکسز ادا کئے تھے جو جنوری تا جون 2019ء کے لئے 9284ملین روپے یعنی 99 فیصد تک بڑھ گئے جس کے نتیجہ میں این بی پی کے بعد از ٹیکس نفع میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :