سینئر صوبائی وزیر محمد عاطف خان کی سپیشل اتھلیٹس کو سپورٹس سکالر شپ اور دیگر سہولیات مہیا کر نے کیلئے ہدایت

پیر 2 ستمبر 2019 14:44

سینئر صوبائی وزیر محمد عاطف خان کی سپیشل اتھلیٹس کو سپورٹس سکالر شپ ..
ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 ستمبر2019ء) سینئر صوبائی وزیر محمد عاطف خان نے سپیشل اتھلیٹس کو سپورٹس سکالر شپ اور دیگر سہولیات مہیا کر نے کیلئے ڈائریکٹریٹ آف سپورٹس خیبر پختونخوا کو ہدایت کی ہے کہ وہ ان اتھلیٹس کو ہر ممکن سہولت فراہم کریں، انڈر 23- خیبر پختونخوا گیمز کے طرز پر تمام میڈلز جیتنے والے کھلاڑیوں کو ساڑھے پانچ لاکھ روپے کیش انعام بھی دیئے جائیں گے، ٹیم ونر کو 20 ہزار، ٹیم ٹیم رنر اپ کو 15 ہزار اور تیسری پوزیشن کی ٹیم کیلئے 10 ہزار روپے کیش دیا جائے گا، انفرادی مقابلوں میں گولڈ، سلور اور برائونز میڈلز حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کیلئے 8 ہزار، 4 ہزار اور 2 ہزار روپے کے کیش ایوارڈ رکھے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ 27 ویں انٹر نیشنل سپیشل گیمز کے دوران محمد عاطف خان کی طرف سے نہ صرف کیش ایوارڈ بلکہ ہر پوزیشن حاصل کرنے والے کھلاڑی کو سپورٹس سکالر شپ دینے کا بھی اعلان کیا جس میں نویں اوردسویں کیلئے 12 ہزار روپے، فرسٹ اینڈ سکینڈ ایئر کلاس کیلئے 24 ہزار روپے، بی ایس، بی اے اور بی ایس سی کیلئے 36 ہزار روپے جبکہ ماسٹر کلاس کیلئے 48 ہزا روپے دیئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

سینئر صوبائی وزیر محمد عاطف خان نے ڈائریکٹر آف سپورٹس خیبر پختونخوا کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تما م سپیشل اتھلیٹس کا ڈیٹا بنایا جائے اور تمام سہولیات فراہم کی جائے اور مختلف گیمز کا سامان بھی مہیا کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ انشاء الله 28 ویں سپیشل گیمز میں سارک ممالک کے سپیشل اتھلیٹس کا دستہ بھی شامل کیا جائے گا۔ اس ضمن میں ڈائریکٹر جنرل سپورٹس اسفندیار خٹک نے کہا کہ تمام ہدایت پر پہلے سے ہی کام شروع کیا جا چکا ہے اور سپیشل گیمز کے اختتام پر تمام کھلاڑیوں میں ساڑھے پانچ لاکھ روپے سمیت مختلف کھیلوں کا سامان تقسیم کیا گیا ہے اور جیسے ہی ڈیٹا مکمل ہو جائے گا سپورٹس سکالر شپ بھی فراہم کی جائے گی۔