راس الخیمہ: انسٹا گرام سے خاتون کی تصویریں بلا اجازت کاپی کرنے والے کو ڈیڑھ سال قید

عرب ملزم نے خاتون سے رابطہ کر کے اسے جسم فروشی کے لیے بھی ترغیب دی تھی

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 2 ستمبر 2019 14:25

راس الخیمہ: انسٹا گرام سے خاتون کی تصویریں بلا اجازت کاپی کرنے والے ..
راس الخیمہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،2 ستمبر، 2019ء) عدالت نے ایک خلیجی مُلک سے تعلق رکھنے والے شخص کو ایک نوجوان لڑکی کے انسٹا گرام اکاؤنٹ سے اس کی تصویریں بلا اجازت کاپی کرنے کے جُرم میں 19 ماہ قید اور ڈیڑھ لاکھ درہم جرمانے کی سزا سُنا دی ہے۔ ملزم نے خاتون کو جسم فروشی کی ترغیب بھی دی تھی اور بات نہ ماننے کی صورت میں اسے بدنام کرنے کی دھمکیاں دی تھیں۔

استغاثہ کی جانب سے بتایا گیا کہ عرب نوجوان نے سنیپ چیٹ پر ایک خاتون کے نام سے اکاؤنٹ بنا کر ایک عرب خاتون سے رابطہ کیا اور اسے جسم فروشی کی طرف لانے کی کوشش کی۔ ملزم نے متاثرہ لڑکی کے اکاؤنٹ سے اس کی تصویریں بھی بلااجازت کاپی کر لیں۔ اور پھر بعد میں اسے بلیک میل کرنے لگا کہ اگر اس نے اپنی غیر مناسب ویڈیوز بنا کر اسے نہ بھیجیں تو وہ اسے سوشل میڈیا پر تصویروں کی مدد سے بدنام کر دے گا۔

(جاری ہے)

ملزم نے خاتون کو اس کام کے بدلے میں رقم کی بھی آفر کی۔ جس پر خاتون نے ملزم کی بات ماننے سے انکار کرتے ہوئے راس الخیمہ پولیس کو اس معاملے کی اطلاع دے دی۔ پولیس نے بلیک میلر نوجوان کو گرفتار کرنے کے بعد اس کا موبائل فون بھی قبضے میں لے لیا۔ دُوسری جانب ملزم کے وکیل کا کہنا تھا کہ خاتون نے خود اس کو فرینڈ ریکویسٹ بھیجی تھی اور خود ہی اپنی ویڈیو بھی بھجوائی تھی۔ جبکہ اس کے موٴکل نے خاتون کو اپنی نازیبا تصاویر بھیجنے سے منع کیا تھا اور باز نہ آنے کی صورت میں پولیس کے پاس جانے کی دھمکی بھی دی تھی۔ تاہم عدالت نے ریکارڈ کو مدنظر رکھتے ہوئے ملزم کو قصور وار ٹھہرا کر 19 ماہ قید اور بھاری جرمانے کی سزا سُنا دی۔