کراچی میں ماحولیاتی آلودگی خطرناک صورتحال اختیار کرگئی،

موسمیاتی تبدیلی اور گرم موسموں کی یلغار نے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کردیا

پیر 2 ستمبر 2019 16:37

کراچی میں ماحولیاتی آلودگی خطرناک صورتحال اختیار کرگئی،
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 ستمبر2019ء) کراچی میں ماحولیاتی آلودگی خطرناک صورتحال اختیار کرگئی، موسمیاتی تبدیلی اور گرم موسموں کی یلغار نے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کردیا، درختوں کی شدید کمی شہر کے ماحولیاتی مستقبل کیلئے خطرے کی گھنٹی ہے، آکسیجن کی کمی، کاربن ڈائی آکسائڈ کی زیادتی اور گرد و غبار سے صحت کے مسائل جنم لے رہے ہیں، درخت نہ لگائے گئے تو ہر آنے والا سال گذشتہ سال سے زیادہ گرم ہوگا، عتیق میر فائونڈیشن نے موجودہ صورتحال سے نمٹنے کیلئے کراچی کے تاجروں اور عوام کی مدد سے شجرکاری مہم کا آغاز کردیا ہے ، شہر کی مشہور فوڈ اسٹریٹ برنس روڈ پر نیم کے 100درخت لگاکر اس عظیم مشن کا آغاز کردیا گیا ہے، آل کراچی تاجر اتحاد اور عتیق میر فائونڈیشن کے چیئرمین عتیق میر نے شجرکاری مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اپنی مدد آپ کے تحت شہر کے مختلف مقامات پر نیم کے 10000درخت لگانے کا اعلان کیا ہے، اس موقع پر انھوں نے شہریوں اور تاجروں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے اپنے حصے کے درخت لگاکر شہر کو مستقبل میں درپیش ماحولیاتی اور موسمیاتی خطرات سے بچانے کی کوشش کریں، انھوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ماحولیاتی آلودگی کے نتیجے میں شہر کو مستقبل میں ناقابلِ برداشت گرم موسم، موذی امراض، آکسیجن کی کمی، کاربن ڈائی آکسائڈ کی زیادتی، زہریلا دھواں، گرد و غبار اور بارشوں میں کمی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے، کراچی میں چند سال قبل ہیٹ اسٹروک کا شکار ہوکر 1300افراد لقمہ اجل بن گئے تھے، انھوں نے کہا کہ شجرکاری مہم کی کامیابی کیلئے عوام کو درختوں کے فوائد سے آگاہی ضروری ہے، شہر میں سکھ چین، نیم، سرخ بادام، کھجور، ناریل،سوہانجنا، جامن، گل موہر،امل تاس وغیرہ کے درخت باآسانی دستیاب ہیں، انھوں نے کہا کہ تحقیق کے مطابق ایک درخت سال بھر میں اوسطاً 22کلو کاربن ڈائی آکسائڈ جذب کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، چار افراد کو یومیہ آکسیجن فراہم کرتا ہے، ہوا کو کثافت سے پاک کرتا ہے، درخت اور پودے ہوا میں نمی پیدا کرتے ہیں جوکہ بادل بن کر بارش کی صورتمیں برستے ہیں،گھنے درخت ٹھنڈی چھائوں، سبزہ اور ٹھنڈک کا سبب بنتے ہیں، انھوں نے عتیق میر فائونڈیشن کے تحت شجرکاری مہم میں تعاون کرنے والے شہریوں، سماجی اور تاجر تنظیموں کے رہنمائوں اکرم رانا، حماد پونا والا، سید حکیم شاہ، امان اللہ شاہ، شہزاد شاہ، شیخ محمد رفیع، احسان گجر، سلطان محمود تاجوانی، غلام رحیم، سیف اللہ شیخ، انیس احمد اور احمد یحیٰ شاہ کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شجرکاری مہم میں ان افراد کا بیمثال تعاون آئیندہ نسلوں کیلئے بہترین تحفہ ہے، انھوں نے کہا کہ ملک، شہر اور عوام کے مستقبل کیلئے ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائینگی۔