جعلی زرعی ادویات تیار کرنے والی فیکٹری پر چھاپہ ،بھاری مقدار میں ادویات بر آمد

پیر 2 ستمبر 2019 17:57

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 ستمبر2019ء) محکمہ زراعت پنجاب نے جعلی زرعی ادویات تیار کرنے والی فیکٹری سے بھاری مالیت کی زرعی ادویات بر آمد کر لیں ۔زرعی ترجمان نے اے پی پی کو بتایاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی خصوصی ہدایات پر پنجاب بھر میں جعلی زرعی ادویات کے خلاف کارروائی جاری ہے ۔

(جاری ہے)

پیر کو ایک آپریشن کے دوران خفیہ اطلاع موصول ہونے پر ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ اینڈ کوالٹی کنٹرول آف پیسٹی سائیڈز ریاض حسین کی سربراہی میں پولیس کے تعاون سے زرعی ادویات تیار کرنے والی ایک فیکٹری پر چھاپہ مارا گیا اور 27 ہزار 358 لٹر /کلو گرام جعلی زرعی ادویات جن کی مالیت 78 لاکھ روپے سے زائد ہے برآمد کرکے پولیس کی تحویل میں دی گئیں ۔

ترجمان نے قومی خبر ایجنسی کو بتایاکہ پیسٹی سائیڈ آرڈیننس کی زیر دفعہ APO23A,21APPC420 کے تحت مقدمہ درج کرکے موقع پر جعلی زرعی ادویات کے دھندے میں ملوث 4 ملزمان کو بھی پولیس کے حوالے کیا گیا۔ترجمان نے مزید کہا کہ عوام جعلی زرعی مداخل فروخت کرنے والے عناصر کے خلاف شکایات بذریعہ ایس ایم ایس/ واٹس ایپ پر 0300-2955539 کر سکتے ہیں۔ ایسے تمام عناصر کے خلاف اطلاع موصول ہونے کے 24 گھنٹے کے اندر کاروائی عمل میں لائی جاتی ہے۔