کپا س کے کاشتکار ماہ ستمبر کے دوران فصل کو گلابی سنڈی سے بچانے کیلئے بھر پور توجہ دیں ، چوہدری عبدالحمید

پیر 2 ستمبر 2019 18:28

فیصل آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 ستمبر2019ء) ڈائریکٹر زراعت چوہدری عبدالحمید نے کپاس کے کاشتکاروں کے نام اہم پیغام میں کہا ہے کہ ماہ ستمبر کپاس کی پیداوار کے حوالے سے انتہائی اہم ہے جس میں فصل کے پھول سے پھل بننے کا عمل شروع جبکہ فصل پر کیڑوں کا حملہ بھی بڑھ جاتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گلابی سنڈی کپاس کی کوالٹی اورپیدوار کو متاثر کرتی ہے جس کے پیش نظر محکمہ زراعت توسیع کی طرف سے کپاس کی بہترین نگہداشت اور کاشتکاروں کی رہنمائی کے لئے مرکز کی سطح پر ریپڈ رسپانس ٹیمیں کام کررہی ہیں جو کپاس کی فصل کے علاقوں میں پلانٹ کلینک سے متعلق رہنمائی فراہم کررہی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ڈویژن میں پلانٹ کلینک رسپانس ٹیمیں صابرچوک ماموں کانجن،مجید چوک فتح شاہ گڑھ،مرید والا،گڑھ مہاراجہ،احمد پور سیال،اٹھارہ ہزاری،شورکوٹ،وریام والا،رجانہ،پیرمحل،ٹوبہ ٹیک سنگھ،چٹیانہ اورمونگی بنگلہ میں خدمات انجام دے رہی ہیں۔انہوں نے کاشتکاروں سے کہا کہ وہ سہولت سے فائدہ اٹھائیں اور کپاس کی بہترین نگہداشت کرکے کپاس کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کریں۔

متعلقہ عنوان :