پاکستان میں تمام بھارتی چینلوں کی نشریات اور ریسورکے استعمال پر مکمل پابندی ہوگی۔چیئرمین پیمرا

پیر 2 ستمبر 2019 19:48

پاکستان میں تمام بھارتی چینلوں کی نشریات اور ریسورکے استعمال پر مکمل ..
ملتان ۔02 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 ستمبر2019ء) پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا)کے چیئرمین مرزا اسلم بیگ نے کہا ہے کہ پاکستان میں تمام بھارتی چینلوں کی نشریات اور ریسورکی درآمد، فروغ ،ترسیل اور استعمال پر مکمل پابندی ہوگی۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے حسین آگاہی میں پاکستان سیٹلائٹ اور گڈز ایسوسی ایشن کے زیراہتمام کشمیریوں سے اظہاریکجہتی اور ڈی ٹی ایچ ، سی لائن و دیگر غیرقانونی آلات کوتلف کرنے کی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان میں بھارتی چینلوں کے بائیکاٹ کو ہم ایک مشن کے طور پرآگے لے کر چلیں گے اورا س سے کشمیر کاز کوبھی فائدہ ہوگا۔انہوں نے کہاکہ میں خصوصی طورپر اسلام آباد سے بھارتی مواد نذرآتش کرنے ملتان آیا ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ بھارتی چینلوں کا مکمل بائیکاٹ کریں۔انہوں نے رضا کارانہ طورپر ریسور تلف کرنے پر حسین آگاہی کے تاجروں کے اس اقدام کوسراہا۔

اس موقع پر چیئرمین آل پاکستان سیٹلائٹ محمد یاسین بٹ، ہیڈ آف انفورسمنٹ آصف علی میاں، صدرآل پاکستان سیٹلائٹ علی احمد ملک، صدرانجمن تاجران حسین آگاہی شیخ محمد اکرم حکیم اور پیمرا کے دیگر حکام بھی موجودتھے۔تاجروں نے اس موقع پر کہاکہ ہم کشمیریوں اور پاک فوج کے ساتھ ہیں اورکسی صورت بھارتی ڈی ٹی ایچ فروخت نہیںکریںگے ۔ تقریب کے اختتام پر ڈش ٹی وی، ویڈیو کون، ٹاٹا سکائی، جادوباکس اور ریلائنس کے ڈش ریسور جلائے گئے۔