تھائی لینڈ اور آئرلینڈ کی ٹیمیں ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کوالیفائر ٹورنامنٹ سیمی فائنل میں پہنچ گئیں

پیر 2 ستمبر 2019 20:17

تھائی لینڈ اور آئرلینڈ کی ٹیمیں ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کوالیفائر ٹورنامنٹ ..
ایڈن برگ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 ستمبر2019ء) تھائی لینڈ اور آئرلینڈ کی ٹیمیں فتوحات برقرار رکھتے ہوئے آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کوالیفائر ٹورنامنٹ سیمی فائنل میں پہنچ گئیں۔ دونوں ٹیموں نے دو، دو فتوحات حاصل کر کے ٹاپ فور میں جگہ بنانے کا اعزاز حاصل کیا۔ سکاٹ لینڈ میں جاری ایونٹ میں کھیلے گئے گروپ بی کے میچ میں تھائی لینڈ ویمن ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 99 رنز بنائے، کپتان سورن نارین ٹیپوچ 37 اور وونگپاکا 22 رنز بنا کر ناقابل شکست رہیں، سلویا نے 3 وکٹیں لیں۔

جواب میں نمیبیا ویمن ٹیم مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں 19.2 اوورز میں 61 رنز پر ڈھیر ہو گئی، ویلکا 16 رنز بنا کر نمایاں رہیں جبکہ 9 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکیں۔

(جاری ہے)

چھانیدا سوتھی رونگ نے 4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ ایک اور میچ میں آئرلینڈ ویمن نے ہالینڈ ویمن کو 19 رنز سے ہرا کر مسلسل دوسری کامیابی کے ساتھ سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کیا۔

آئرش ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں پر 120 رنز بنائے، کم گارتھ 39، کپتان لارا ڈیلانی 28 رنز بنا کر نمایاں رہیں، کیرولین ڈی لانگ نے 2 وکٹیں لیں۔ جواب میں ہالینڈ ویمن ٹیم مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 101 رنز تک محدود رہی، سٹیری کیلس کی 46 رنز کی اننگز بھی ٹیم کے کام نہ آئی۔ ایمیر رچرڈسن اور ڈیلانی نے 2، 2 وکٹیں لیں۔