محسن حسن خان کو چیف سلیکٹر بنائے جانے کا امکان

سابق کرکٹر اس سے قبل بھی چیف سلیکٹر کی ذمے داری نبھا چکے، باقاعدہ اعلان ایک ہفتے تک متوقع

muhammad ali محمد علی پیر 2 ستمبر 2019 19:51

محسن حسن خان کو چیف سلیکٹر بنائے جانے کا امکان
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 ستمبر2019ء) محسن حسن خان کو چیف سلیکٹر بنائے جانے کا امکان، سابق کرکٹر اس سے قبل بھی چیف سلیکٹر کی ذمے داری نبھا چکے، باقاعدہ اعلان ایک ہفتے تک متوقع۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سے خبر گردش کر رہی ہے جس کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے مصباح الحق کو بیک وقت قومی ٹیم کا ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

تاہم اب موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق یہ خبر درست نہیں ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ سابق کرکٹر محسن حسن خان اس وقت چیف سلیکٹر کے عہدے کیلئے سب سے فیورٹ امیدوار ہیں۔ نئے چیف سلیکٹر کا اعلان ایک ہفتے تک متوقع ہے۔ جبکہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کا اعلان بھی اسی ہفتے کئے جانے کی امید ہے۔ذرائع کے مطابق پی سی بی مصباح الحق کے کوچ ہونے کی صورت میں مہنگے بیٹنگ کوچ کے بجائے مقامی کوچز پر انحصار کرنے پر بھی غور کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق سلیکشن کمیٹی کے بجائے صوبائی ٹیموں کے سلیکٹرز چیف سلیکٹرز کی مدد کریں گے جبکہ بولنگ کوچ کے لیے وقاریونس کا انتخاب کیا گیا ہے۔یاد رہے کچھ روز قبل پی سی بی نے قومی ٹیم کیلئے ہیڈ اور بائولنگ کوچ کیلئے انٹرویوز لئے تھے۔قذافی اسٹیڈیم میں سی ای او پی سی بی وسیم خان کی سربراہی میں پانچ رکنی پینل نے امیدواروں کے انٹرویوز کیے۔بولنگ کوچ کے لئے وقار یونس جبکہ ہیڈ کوچ کے لیے ڈین جونزاور مصباح الحق نے پی سی بی کو اپنی صلاحیتوں کے بارے میں بتایا تھا۔سابق ویسٹ انڈئین فاسٹ باولر کورٹنی واش اور محسن حسن خان نے بھی ہیڈ کوچ کے عہدے کے لیے پینل کو اپنے تجربے سے آگاہ کیا تھا۔