مہران یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی جامشورو اور ویسٹرن آسٹریلیا جونڈلپ کیمپس کے درمیان معاہدہ طے پا گیا

پیر 2 ستمبر 2019 23:02

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 ستمبر2019ء) مہران یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی جامشورو اور ویسٹرن آسٹریلیا جونڈلپ کیمپس کے درمیان اساتذہ اور طلبہ کو یکساں تحقیقی مواقع دینے کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔ معاہدہ پر دستخط کرنے کی تقریب میں وائس چانسلر جامعہ مہران پروفیسر ڈاکٹر محمد اسلم عقیلی اور ویسٹرن آسٹریلیا جونڈلپ کیمپس کے ڈین پروفیسر جو لوکا اور ایکٹنگ ڈائریکٹر انٹرنیشل ڈاکٹر علی رضا کیشاوارز نے شرکت کی جبکہ چیئرمین ڈاکٹر عبدالحق تنیو اور آفتاب مہیسر نے بھی تقریب میں شرکت کی۔

اس موقع پر جونڈلپ کیمپس سے آئے ہوئے مہمانان نے کہا کہ پاکستان میں بہترین انجینئر پیدا ہو رہے ہیں اور جامعہ مہران سے آنے والے انجینئرز ہمارے ہاں تحقیق کی مد میں کافی بہترین کام کر رہے ہیں انہوں نے کہا کہ اس معاہدہ کے مطابق جامعہ مہران سے جتنے بھی اساتذہ اور طالب علم گریجویشن، ماسٹرز اور پی ایچ ڈی پروگراموں کے لئے منتخب ہوں گے ان کی ٹیوشن فیس جو فی سیمسٹر 31 ہزار آسٹریلوی ڈالر ہے، معاف کی جائے گی۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر نے کہا کہ جامعہ مہران میں تحقیق کا مناسب ماحول میسر ہونے کی بدولت یہاں پر بہترین انجینئرز پیدا ہو رہے ہیں، ہمیں خوشی ہے کہ ویسٹرن آسٹریلیا کے ایک بہترین کیمپس سے یہ معاہدہ طے پایا ہے جس سے ہمارے فیکلٹی ممبران اور طلبہ بھرپور تحقیقی و تدریسی فائدہ حاصل کریں گے۔