سبزیوں و پھلو ں کو محفوظ کرکے ملک کو اربو ںروپے کے نقصان سے بچایا،فوڈانڈسٹری کو فروغ دیاجاسکتاہے ،ماہرین زراعت

منگل 3 ستمبر 2019 14:09

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 ستمبر2019ء) ماہرین زراعت نے کہاہے کہ سبزیوں و پھلو ں کو محفوظ کرکے ملک کو اربوں روپے کے نقصان سے بچانے سمیت فوڈ انڈسٹری کو فروغ دیاجاسکتاہے،اس ضمن میں خواتین کا کردار بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہے جو پھلوں کو محفوظ کرکے گھریلو سطح پر مینگو سکوائش، شربت بادام، سیب کا جیم ، آم کا جیم، آڑو کا سکوائش ،امرود کی جیلی اور آلو بخارے کی چٹنی وغیرہ تیارکرکے جہاں گھرمیں کھانے کالطف دوبالا کرسکتی ہیں وہیں پھلوں اور سبزیوں کی بڑی مقدار کوضائع ہونے سے بھی بچایاجاسکتاہے۔

انہوںنے کہاکہ مقامی زرعی تحقیقی ادارے نے خواتین کیلئے مختلف شہروں میں تربیتی ورکشاپس کا انعقاد شروع کیاہے جہاں تربیت حاصل کرکے خواتین گھریلو پیمانے پر مختلف مصنوعات جیم، جیلی ، اچار، مربہ جات، چٹنیاں، سکوائش، و دیگر مشروبا ت تیار کر سکتی ہیں جو کہ قیمت میں ارزاں ، غذائیت سے بھرپور ہونے کے ساتھ ساتھ مضر صحت کیمیائی اجزاء سے پاک ہوتی ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ زرعی ملک ہونے کے ناطے اللہ تعالی نے ہمیں وافر مقدار میں سبزیوں اور پھلوں سے نوازا ہے اس لئے اگر چہ فوڈ انڈسٹری میں پھلوں اور سبزیوں کی کچھ کھپت ہو جاتی ہے لیکن وہ بیرونی ممالک کے مقابلے میں کم ہے لہٰذااس بات کی اشد ضرورت ہے کہ سبزیوں اور پھلوںکو محفوظ کرنے اور انہیں ضائع ہونے سے بچانے کا شعور پیدا کیا جائے تاکہ ملک اربوں روپے کے نقصان سے بچ سکے۔

متعلقہ عنوان :