حضرت عمرؓ کی سیرت اسلام سے محبت کا درس دیتی ہے،مولانا محمدعمران عطاری

منگل 3 ستمبر 2019 22:24

حضرت عمرؓ کی سیرت اسلام سے محبت کا درس دیتی ہے،مولانا محمدعمران عطاری
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 ستمبر2019ء) دعوت اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے نگران مولانا محمد عمران عطاری نے کہا ہے کہ حضرت سیدنا عمر فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے جب اسلام قبول کیا تو مسلمانوں نے اعلانیہ طور پر نماز ادا کی ،ایک طرف آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور دوسری طرف سید الشہداء امیر حمزہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ تلوار لے کر کھڑے ہوگئے اور کفار کچھ نہ کرسکے،اللہ کے رسول ﷺ نے آپ کو فاروق کا لقب عطا فرمایا یعنی آپ حق وباطل میں فرق کرنے والے تھے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ میں اجتماع سے بیان کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے دین اسلام کی زبردست خدمت لی یہ اللہ عزوجل کا کرم ہے وہ اپنے دین کی خدمت بندوں سے لیتا ہے ، حضرت سیدنا عمر فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا نام لینے سے ایک تازگی محسوس ہوتی ہے ،آپ کی سیرت اسلام سے بے پنا ہ محبت کا درس دیتی ہے،آپ کی سیرت کا مطالعہ کرنے سے دین کی خدمت کا جذبہ ملتا ہے۔

(جاری ہے)

مولانا محمد عمران عطاری نے کہا کہ حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہ عاجزی کے پیکر تھے ،آپ بڑے بڑے کارنامے انجام دینے کے باوجودبھی عاجزی فرماتے اور اللہ عزوجل کے خوف سے روتے ،یاد رکھیں اللہ عزوجل کی عطا کردہ نعمتوں پرشکر ادا کرنا چاہئے مگر افسوس ہم خوشیوں کے موقع پر اللہ پاک کو بھول جاتے ہیں ،ہم ترقی اورکامیابی کا سفر طے کرتے وقت اللہ پاک کی بارگاہ میں شکر ادا کرنے اس کی بارگا ہ میں زوال نعمت سے بچنے کی دعا نہیں کرتے۔

انہوں نے کہا کہ حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی محبت کا دم بھرنے والے نماز کا خصوصیت کے ساتھ نماز کا اہتمام کریں،ایسی نیند سے اللہ عزوجل کی پنا ہ مانگیں جس سے نماز قضا ہوجائے ،میدان کربلا میں امام عالی مقام رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے اور حضرت سیدنا عثمان غنی رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے اپنے قاتلوں کو بھی نیکی کی دعوت دی ،انہیں نصیحت کی یہ کیسی عظیم ہستیاں تھی اور ان کے دل میں دین کا کیسا جذبہ تھا کہ ان حالات میں بھی نیکی کی دعوت دی۔اللہ عزوجل ہمیں بھی نیکی کی دعوت دینے کی توفیق عطا فرمائے۔

متعلقہ عنوان :