پاکستان اپنے دفاع کیلئے ہرقسم کے ہتھیار استعمال کرے گا: سابق فوجی جنرل نے بھارت کو خبردار کر دیا

بھارتی وزیر دفاع کے بیان سے سرخ نشان لگ گئے ہیں، دنیا اگر بھارت کو روک لے تو بہتر ہے لیکن بھارت پاگل پن میں کسی حد تک جاسکتا ہے: لیفٹیننٹ جنرل(ر)غلام مصطفی

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ منگل 3 ستمبر 2019 23:52

پاکستان اپنے دفاع کیلئے ہرقسم کے ہتھیار استعمال کرے گا: سابق فوجی جنرل ..
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔03ستمبر 2019ء) دفائی تجزیہ کار لیفٹیننٹ جنرل(ر)غلام مصطفی نے بھارت کو خبردار کیا ہے کہ پاکستان اپنے دفاع کیلئے ہرقسم کے ہتھیار استعمال کرے گا۔ انہوں نے نجی ٹیوی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی وزیر دفاع کے بیان سے سرخ نشان لگ گئے ہیں، دنیا اگر بھارت کو روک لے تو بہتر ہے لیکن بھارت پاگل پن میں کسی حد تک جاسکتا ہے اسی طرح پاکستان اپنے دفاع کے لیے کچھ بھی کر سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے اقتدار اعلیٰ کی حفاظت کیلئے ہر طرح کے ہتھیار استعمال کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے اور استعمال بھی کرے گا۔ لیفٹیننٹ جنرل(ر)غلام مصطفی نے مزید کہا کہ ہمارے ایٹمی ہتھیار محفوظ ہیں، روس ، چین اور بھارت میں حادثات ہوچکے ہیں لیکن ہم اس قسم کے کسی بھی حادثے سے محفوظ ہیں اور دنیا ہمارے نظام پررشک کرتی ہے، پاکستان نے اس خطے میں ایٹمی ہتھیاروں کی دوڑ شروع نہیں کی اور نہ ہی ہمارے جارحانہ عزائم ہیں لیکن پاکستان نے دنیا پر واضح کردیا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جو غیر توازن ہے اس کو متوازن کرنے کیلئے پاکستان اپنا دفاعی حق محفوظ رکھتا ہے اور ضرورت پڑنے پر اسے استعمال بھی کرے گا۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ اس سے پہلے کئی خبریں آچکی ہیں کہ بھارت پاکستان پر حملہ کرنے والا ہے اور جلد پاکستان پر حملہ کر سکتا ہے۔ اس سے قبل ایک صحافی نے دعویٰ کیا کہ اکتوبر کے دوسرے یا تیسرے ہفتے میں کشمیر میں پلوامہ کے طرز پر ایک اور ڈرامہ رچایا جائے گا۔اس ڈرامے کی بنیاد پر بھارتی فوج کشمیریوں پر مظالم میں اضافہ کر دے گی اور ساتھ ہی آزاد کشمیر پر حملہ کر دے گی۔ یہ حملہ اکتوبر کے آخر یا نومبر کے وسط تک ہو سکتا ہے۔پاک فوج اس حملے کا بھرپور جواب دے گی۔کشمیری بھی اپنا حق ادا کریں گے۔جس کے نتیجے میں بھارتی افواج کو کشمیر چھوڑنا پڑے گا۔ اب لیفٹیننٹ جنرل(ر)غلام مصطفی نے بھارت کو خبردار کیا ہے کہ پاکستان اپنے دفاع کیلئے ہرقسم کے ہتھیار استعمال کرے گا۔