پاکستان، بھارت کے ساتھ تجارت کی بندش کے باوجود جان بچانے والی ادویات درآمد کرے گا

وزارت تجارت نے امپورٹ پالیسی آرڈر 2016 میں ترمیم کر دی، وزارت تجارت نے ایس آر او جاری کر دیا

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ بدھ 4 ستمبر 2019 00:17

پاکستان، بھارت کے ساتھ تجارت کی بندش کے باوجود جان بچانے والی ادویات ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔03ستمبر 2019ء) پاکستان اب بھارت کے ساتھ تجارت کی بندش کے باوجود جان بچانے والی ادویات درآمد کرے گا۔ وزارت تجارت نے امپورٹ پالیسی آرڈر 2016 میں ترمیم کا حکم جاری کر دیا ہے اور وزارت تجارت نے ایس آر او جاری کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان نے بھارت سے زندگی بچانے والی ادویات کی درآمدات پر عائد پاپندی اٹھانے کا اعلان کر دیا ہے۔

وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد وزارت تجارت نے ایکسپورٹ امپورٹ آرڈر 2016 میں ترمیم کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا ہے، جس کے تحت پاکستان اب بھارت سے زندگی بچانے والی ادویات درآمد بھی کر سکے گا اور انڈیا کو برآمد بھی کر سکے گا۔ خیال رہے کہ خیال رہے کہ کابینہ اجلاس کے بعد بھارت کے ساتھ آئندہ احکامات تک فوری طور پر تجارت کی معطلی پر عملدرآمد کروانے کے لیے 2 نوٹیفکیشن جاری کیے گئے تھے۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں جاری ایک حکم میں کہا گیا کہ پاکستان کی تاجر برادری نے ان نوٹیفکیشن کے اطلاق اور عملدرآمد کی تاریخوں کی وضاحت کے سلسلے میں محکمہ تجارت سے رابطہ کیا تھا. لہٰذا تاجر برادری کی سہولت کے لیے اس بات کا بھی اعلان کیا گیا کہ اس میں افغانستان پاکستان تجارتی معاہدے کے تحت ہونے والی تجارت متاثر نہیں ہوگی۔ اب پاکستان بھارت سے تجارت کی بندش کے باوجود جان بچانے والی ادویات درآمد کرے گا۔

وزارت تجارت کے ایک عہدیدار کا کہنا ہے کہ پاکستان نے انسانی بنیادوں پر بھارت سے زندگی بچانے والی ادویات کی تجارت کی اجازت دی ہے۔ جن ادویات سے پاپندی ختم کی گئی ہے وہ دل کے امراض، ذیابیطس، بلڈ پریشر، ٹی بی اور کینسر جیسی بیماریوں کے لیے استعمال کی جاتی ہیں جبکہ ٹی بی کی ادویات میں استعمال ہونے والا کیمیکل 'ایتھمبیوٹول' کا ہندوستان ہی واحد ذریعہ ہے۔