سمندری طوفان ’’ڈوریان‘‘ کل امریکی ریاستوں فلوریڈا، جارجیا اور ساؤتھ کیرولائنا کے انتہائی قریب پہنچے گا، لاکھوں افراد کو انخلاء کا حکم

بدھ 4 ستمبر 2019 14:10

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 ستمبر2019ء) طاقتور سمندری طوفان ’’ ڈوریان‘‘ سے جزائر بہاماس میں ہلاکتوں کی تعداد 7 ہوگئی ہے اور یہ طوفان امریکی ریاستوںفلوریڈا، جارجیا اور سائوتھ کیرولائنا کی جانب تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق کیوبا اور امریکی ریاست فلوریڈا کے درمیان واقع جزائر بہاماس کے وزیر اعظم ہٴْوبرٹ مِنِّس نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ماہرین محکمہ موسمیات نے ڈوریان کو کیٹیگری دو کا طوفان قرار دے دیا ہے، جو اب بھی کافی زیادہ تباہی مچا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سمندری طوفان ڈوریان‘‘ اتوارکو جزائر بہاماس کے ساحلی علاقوں سے ٹکرایا تھا۔ اس وقت طوفان کے ساتھ آنے والی تیز ہوائوں کی رفتار 3 سو کلومیٹر فی گھنٹہ تک تھی۔

(جاری ہے)

محکمہ موسمیات کے ماہرین کا کہنا ہے ڈوریان فلوریڈا کے مشرقی ساحل سے ٹکرانے کنے کے بعد آج (جمعرات کو) فلوریڈا، جارجیا اور ساؤتھ کیرولائنا کے انتہائی قریب پہنچے گا تو وہ کیٹیگری 4 کا طوفان ہو جائے گا۔ حکام نے فلوریڈا اور ساؤتھ کیرو لائنا کے لاکھوں رہائشیوں کو انخلا کا حکم دے دیا ہے جبکہ نارتھ کیرو لائنا میں ہنگامی صورت حال نافذ کر دی گئی ہے۔ نارتھ کیرولائنا کے گورنر رائے کوپر کا کہنا ہے کہ یہ طوفان توقع سے زیادہ شدید ہو سکتا ہے اور اس سے بچائو کے لیے تیاریوں کا وقت بہت کم باقی رہ گیا ہے۔