آزاد جموں وکشمیر یونین آف جرنلسٹس کے انتخابات مکمل ‘راجہ نثار احمد خان مرکزی صدر جبکہ سید عمر کاظمی سیکرٹری جنرل منتخب

بدھ ستمبر 15:15

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 ستمبر2019ء) آزاد جموں وکشمیر یونین آف جرنلسٹس کے انتخابات مکمل ۔راجہ نثار احمد خان مرکزی صدر جبکہ سید عمر کاظمی سیکرٹری جنرل منتخب ۔صدارت کیلئے راجہ نثار احمد خان اور خواجہ شیراز احمد عادل کے درمیان مقابلہ ہوا ۔راجہ نثار احمد خان نے 96میں سے 70جبکہ خواجہ شیراز احمد عادل نے 17ووٹ حاصل کیے ۔

انتخابات میں دس اضلاع سے تعلق رکھنے والے 100ممبران نے حصہ لیا۔چیف الیکشن کمشنر راجہ غلام محی الدین کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق یونین کے مرکزی الیکشن میں دس اضلاع سے تعلق رکھنے والے 1سو ممبران ،ووٹرز نے حصہ لیا ۔کل 96ووٹ پول ہوئے جن میں سے 9ووٹ مسترد ہوئے راجہ نثار احمد خان نے 70جبکہ مد مقابل امیدوار خواجہ شیراز احمد عادل نے 17ووٹ حاصل کیے اس طرح راجہ نثار احمد خان عرصہ دو سال کیلئے مرکزی صدر منتخب ہو گئے ۔

(جاری ہے)

سیکرٹری جنرل سمیت جملہ مرکزی عہدیداران بلا مقابلہ کامیاب قرار پائے ،افہام و تفہیم کے ذریعے مد مقابل امیدواروں نے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے ۔بلا مقابلہ منتخب ہونے والے عہدیداران میں راجہ تیمور ظفر سینئر نائب صدر،ممتاز علی خاکسار،خواجہ ریاض احمد،پرویز کیانی اور ملک محمد عارف نائب صدور،سید عمر کاظمی سیکرٹری جنرل ،عمران خالد چوہدری ڈپٹی سیکرٹری جنرل ،راجہ آفتاب عارف ایڈیشنل سیکرٹری جنرل ،راشد لطیف سیکرٹری مالیات،خالد منظور اعوان سیکرٹری اطلاعات شامل ہیں ۔

مرکزی الیکشن /کنونشن میں ممبران /ووٹرز کا جذبہ دیدنی تھا ،آزادکشمیر کے دس اضلاع مظفرآباد،نیلم ،جہلم ویلی ،باغ،راولاکوٹ،سدہنوتی ،حویلی،میرپور،کوٹلی ،بھمبرکے ضلعی عہدیداروں سمیت جملہ ممبران یونین وفود کی شکل میں اسلام آباد پہنچے جنہوں نے اخبار مارکیٹ اسلام آباد کے ہال میں مرکزی انتخابات میں حصہ لیا چیئرمین پریس فائونڈیشن کی جانب سے نامزد کردہ فائونڈیشن کے ممبر گورننگ باڈی محمود ایوب راٹھور نے الیکشن کی مکمل نگرانی کی ۔

یونین کے مرکزی اورڈویژنل عہدیداران نے اپنے اپنے عہدوں کا حلف بھی اٹھا لیا ۔حلف برداری کی تقریب کے مہمان خصوصی سابق وفاقی وزیر اور اخباری دنیا کی جانی پہچانی شخصیت ٹکا خان عباسی تھے جبکہ صدارت پی ایف یو جے کے صدر حاجی نواز رضانے کی ۔مرکزی باڈی کے نو منتخب عہدیداران سمیت مظفرآباد ڈویژن کے نو منتخب صدر منظور احمد سلہریا،سیکرٹری جنرل ملک ندیم اور سینئر نائب صدر ارشد کاظمی نے بھی حلف اٹھایا ۔

کنونشن ،انتخابات کے دوران قومی و ریاستی اخبارات کے ایڈیٹر ،الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا کے نمائندگان نے شرکت کی ۔ پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی جانب سے انتخابات کی مانیٹرک کیلئے سینئر صحافی طاہر خان سمیت راجہ خاور نواز بھی موجود تھے جبکہ راولپنڈی اسلام آباد کی یونین کی جانب سے سینئر صحافی و عہدیداران راجہ بشیر احمد عثمانی ،رئیس الرحمان ،اے ایف پی کے چیف ایڈیٹر راجہ شفیق،ایڈیٹر اسٹیٹ ویو خالد گردیزی،بولو کشمیر کے چیف ایگزیکٹیو تصویر کلوترہ،ڈائریکٹر پروگرام ہم ٹی وی عمارعلی ،شگفتہ مہر،سینئر اینکر دیس پردیس ٹی وی ،جماعت اسلامی یوتھ آزادکشمیر کے صدر نثار احمد شائق،لاہور یونین آف جرنلسٹس کے نائب صدر خواجہ فرح سعید بھی موجود تھے ۔

اس موقع پر نو منتخب صدر نے اپنے خطاب میں تمام ممبران کا شکریہ ادا کیا اور ان کے اعتما دپر پورا اترتے ہوئے صحافیوں کے مسائل کے حل کیلئے بھرپور کردار ادا کرنے کا عہد کیا ۔