حکومت پاکستان کی کامیاب سفارتی کوششوں کا نتیجہ ، دنیا بھارتی حکومت سے مطالبہ کر رہی ہے کہ مقبوضہ کشمیر سے کرفیو اٹھایا

جائے،چیئرمین کشمیر کمیٹی فخر امام

بدھ 4 ستمبر 2019 20:42

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 ستمبر2019ء) پارلیمانی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین سید فخر امام نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان کی کامیاب سفارتی کوششوں کے بعد اب دنیا بھارتی حکومت سے مطالبہ کر رہی ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر سے کرفیو اٹھائے۔ بدھ کو قائداعظم یونیورسٹی میں ’تنازعہ کشمیر اور آرٹیکل 370 کا خاتمہ پاکستان بھارت اور اقوام عالم‘ کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان تمام سفارتی ذرائع کے ذریعے بھارت پر دبائو ڈال رہا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر سے کرفیو اٹھائے اور کشمیریوں کو ان کا تسلیم شدہ حق خود ارادیت دے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ وادی کو مکمل لاک ڈائون کیا ہوا ہے جس کے نتیجہ میں خوراک، ادویات اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قلت پیدا ہو چکی ہے، بڑی تعداد میں کشمیریوں کو بھارتی افواج نے گرفتار کر رکھا ہے اور انہیں نامعلوم مقامات پر رکھا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کی طرف سے بھی مقبوضہ کشمیر میں مواصلاتی بلیک آئوٹ کے فوری خاتمہ اور وادی میں بھارت کی جانب سے جو کچھ کیا جا رہا ہے اس کے خلاف آوازیں اٹھنا شروع ہو گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عالمی میڈیا بھی بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو فوجی چھائونی میں تبدیل کر کے رکھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آسام سے 19 لاکھ مسلمانوں کو شہریت سے محروم کیا گیا ہے جو کہ اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی ہے۔ سید فخر امام نے کہا کہ جب سے بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمہ کا اقدام اٹھایا ہے ،او آئی سی نے پہلی دفعہ کشمیر پر پاکستان کے موقف کی حمایت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ او آئی سی کے تمام رکن ممالک بالخصوص سعودی عرب بھارت پر دبائو ڈال رہا ہے کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر سے کرفیو اٹھائے اور وادی میں صورتحال کو معمول پر لائے۔ انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس کی وجہ سے مسلمانوں کے علاوہ دیگر اقلیتوں کے حقوق کی بھی خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی دنیا میں سٹریٹجک اہمیت ہے اور چین پاکستان اقتصادی راہداری کی تکمیل کے بعد اس ملک کی اہمیت خطے میں مزید بڑھ جائے گی۔