تمام غلط فہمیاں دور ہوگئیں، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے پاکستان کا بھرپور ساتھ دینے کا اعلان کردیا

دونوں دوست و برادر اسلامی ممالک کے وزراء خارجہ نے یقین دہانی کروائی ہے کہ پاکستان کو مایوس نہیں کیا جائے گا، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس کے فوری بعد او آئی سی کے رابطہ گروپ کا اجلاس ہوگا: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

muhammad ali محمد علی بدھ 4 ستمبر 2019 19:33

تمام غلط فہمیاں دور ہوگئیں، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے پاکستان ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 ستمبر2019ء) تمام غلط فہمیاں دور ہوگئیں، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے پاکستان کا بھرپور ساتھ دینے کا اعلان کردیا، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ دونوں دوست و برادر اسلامی ممالک کے وزراء خارجہ نے یقین دہانی کروائی ہے کہ پاکستان کو مایوس نہیں کیا جائے گا، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس کے فوری بعد او آئی سی کے رابطہ گروپ کا اجلاس ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے وزیر مملکت برائے امور خارجہ عادل الجبیر، عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زائد بن سلطان بدھ کو ایک روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔ نور خان ایئربیس پہنچنے پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے دونوں وزراء خارجہ کا خیرمقدم کیا۔

(جاری ہے)

وزارتِ خارجہ میں دونوں وزراء خارجہ کی وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کے ساتھ ملاقات ہوئی۔

ملاقات کے بعد وزیر خارجہ نے میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ پرامید ہیں کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات پاکستان کو مایوس نہیں کریں گے۔ آج ہوئی ملاقات میں کئی غلط فہمیاں دور ہوئی ہیں۔ ابہام دور ہوگیا کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات پاکستان کے ساتھ کھڑے نہیں ہیں۔ دونوں ممالک کے رہنماوں نے مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر پاکستان کو بھرپور حمایت کی یقین دہانی کروائی ہے۔

جبکہ یہ فیصلہ بھی کیا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے فوری بعد او آئی سی کے رابطہ گروپ کا اجلاس بھی طلب کیا جائے گا۔ ملاقات میں مقبوضہ جموں و کشمیر کی تشویشناک صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ سے ملاقات کے بعد اب سعودی اور اماراتی وزراء خارجہ اپنے ایک روزہ دورہ کے دوران پاکستان کی اعلیٰ عسکری و سیاسی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔ واضح رہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی تشویشناک صورتحال پر عالمی برادری بالخصوص 57 مسلم ممالک کی نمائندہ تنظیم او آئی سی کی جانب سے واضح اور ٹھوس مؤقف آنے کے بعد مسلم ممالک کے مابین اس سلسلہ میں سفارتی روابط کو خاصا فروغ مل رہا ہے سعودی اور اماراتی وزراء خارجہ کی پاکستان آمد بھی اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے۔