کلبھوشن یادیو نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کے سامنے بار بار جاسوسی کا اعتراف کیا

میں بھارتی جاسوس اور بحریہ کا حاضر سروس کمانڈر ہوں: بھارتی ناظم الامور کے سامنے کلبھوشن اپنے بیان پر ڈٹ گیا

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ بدھ 4 ستمبر 2019 23:34

کلبھوشن یادیو نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کے سامنے بار بار جاسوسی کا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 04 ستمبر2019ء) بھارتی دہشتگرد اور جاسوس کلبھوشن یادیو نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کے سامنے بار بار جاسوسی کا اعتراف کیا۔ گزشتہ روز بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کی بھارتی ناظم الامور سے ملاقات ہوئی تھی جس میں کلبھوشن نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کے سامنے بار بار اعتراف کیا کہ وہ بھارتی جاسوس اور بحریہ کا حاضر سروس کمانڈر ہے۔

سفارتی ذرائع کے مطابق بھارتی جاسوس کلبھوشن جادھو گزشتہ روز قونصلر رسائی میں بھارتی ناظم الامور سے ملاقات کے دوران متعدد بار دیئے گئے اپنے بیانات پر ڈٹ گیا اور بار بار اعتراف کیا کہ وہ بھارتی بحریہ کا حاضر سروس کمانڈر ہے اور پاکستان میں ’را‘ کیلئے جاسوس کے طور پر کام کرتا رہا ہے۔ بھارتی ہائی کمیشن کے ناظم الامور گورو آہلو والیا کو علم تھا کہ اس ملاقات کی مکمل ریکارڈنگ ہو رہی ہے کیونکہ پاکستانی حکام نے انہیں پہلے ہی آگاہ کر دیا تھا تاہم انہوں نے اس مرحلے پر کلبھوشن جادھو کو ان اقدامات سے آگاہ کرنا شروع کردیا جو بھارتی حکومت ان کی رہائی کیلئے اٹھا رہی ہے اور یہ یقین دہانی بھی کروائی کہ ان اقدامات کے نتیجے میں جلد ہی وہ اپنے وطن میں اپنے اہلخانہ کے ساتھ ہوں گے۔

(جاری ہے)

گورو آہلو والیا نے کلبھوشن کو مؤقف بدلنے پر آمادہ کرنے کیلئے بعض ترغیباتی جملے کہے اور یہ بھی کہاکہ بھارتی سرکار مکمل طور پر آپ کے پیچھے کھڑی ہے لیکن کلبھوشن بار بار کود کو را کا جاسوس ہی کہتا رہا۔ واضح رہے کہ عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کی روشنی میں پاکستان نے قانون کے مطابق 5شرائط کے تحت کلبھوشن یادیو تکبھارتی قونصلر رسائی دی ہے، بھارت پہلے ایک ماہ ان شرائط کو مسترد کرتا رہا بعد میں انہی شرائط کے تحت رسائی حاصل کی ۔

بدھ کو میڈیا بریفنگ کے دوران ایک سوال کے جواب میں ڈی جی آئی ایس پی آرنے بتایا کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو تک قونصلر رسائی لئے پاکستان نے 5شرائط رکھیں جو کہ قانون کے عین مطابق تھیں لیکن بھارت ایک مہینہ تک ان شرائط کو مسترد کرتا رہا لیکن ایک ماہ بعد انہی پانچ شرائط کے تحت قونصلر رسائی حاصل کی ۔