کئی سالوں سے صرف فرنچ فرائیز، چپس اور وائٹ بریڈ کھانے والی نوجوان کی بینائی چلی گئی

Ameen Akbar امین اکبر بدھ 4 ستمبر 2019 23:52

کئی سالوں سے صرف فرنچ فرائیز، چپس اور وائٹ بریڈ کھانے والی نوجوان کی ..

برطانیہ میں ایک کیس نے ڈاکٹروں کو حیران کر دیا ہے۔  کئی سالوں تک نامناسب خوراک کھانے سے ایک نوجوان کی بینائی بہت زیادہ متاثر ہوئی ہے۔ یہ نوجوان تقریباً نابینا ہو چکا ہے۔ کئی سالوں سے  یہ نوجوان صرف فرنچ فرائیز، آلو کے چپس، تلا ہوا گوشت اور وائٹ بریڈ(ڈبل روٹی) کھا رہا ہے۔
برسٹل سے تعلق رکھنے والا نوجوان، جس نے اپنی شناخت ظاہر نہیں کی،  پرائمری سکول چھوڑنے کے بعد سے اب تک  صرف فرنچ فرائیز، چپس اور وائٹ بریڈ کھاتا ہے۔

وہ کبھی کبھار ساسیج بھی کھا لیتا ہے۔اس نوجوان کے خاندان کا کہنا ہے کہ اس نے کبھی سبزیوں  یا پھلوں کو ہاتھ بھی نہیں لگایا۔
یہ نوجوان پہلی بار 14 سال کی عمر میں ڈاکٹر کے پاس گیا، کیونکہ اسے کچھ تھکاؤٹ محسوس ہو رہی تھی، اس کی طبیعت بھی ٹھیک نہیں تھی۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر نے اسے طاقت کی دوائیں دی اور خوراک تبدیل کرنے کا کہا۔تین سال بعد  اس نوجوان کی نظر بہت زیادہ کمزور ہوئی تو ڈاکٹروں نے اس کی وجہ نامناسب خوراک کوقرار دیا۔


برسٹل آئی ہاسپیٹل کےڈاکٹروں کو کہنا ہے کہ نامناسب خوراک  کی وجہ سے نوجوان نیوٹریشنل آپٹک نیوروپیتھی کا شکار ہوگیا ہے۔ اگر یہ بیماری جلد تشخیص ہوجائے تو اس کا علاج ممکن ہے لیکن  اس نوجوان کے کیس میں  نوجوان کی بینائی کو بحال نہیں کیا جاسکتا۔اس بیماری کی وجہ سے اس وقت 19 سالہ نوجوان کو کالج چھوڑ کر کسی ملازمت کےلیے جدوجہد کرنا پڑ رہی  ہے۔

گارجین اخبار کے مطابق  نوجوان کی نظر اتنی زیادہ خراب ہوگئی ہے کہ  اسے قانونی طور پر نابینا قرار دیا گیا ہے۔سکول اور کالج چھوڑنےکے بعد اس کی معاشرتی زندگی بھی تقریباً ختم ہو گئی ہے۔نوجوان نے آئی ٹی کورس کرنے کےلیے کالج میں بھی داخلہ لیا لیکن کم بصارت اور سماعت کے باعث کالج بھی چھوڑنا پڑا۔
اس نوجوان کی والدہ نے بھی اس کا خیال رکھنے کےلیے اپنی ملازمت چھوڑ دی ہے۔

اُن کا کہنا ہے کہ انہیں بچپن میں ہی معلوم ہوگیا تھا کہ اُن کا بیٹا گھر سے لے جانا والا  کھانا نہیں کھاتا۔ اس کا ٹفن جیسے جاتا تھا، ویسے ہی واپس آ جاتا تھا۔ فرنچ فرائیز کھانے کی وجہ سے وہ کافی پتلا بھی تھا۔ 14سال کی عمر میں انہیں پتا چلا کہ ان کے بیٹے کے ساتھ نظر کا مسئلہ شروع ہوگیا ہے۔
یہ نوجوان اس وقت وٹامن کی دوائیاں کھا رہا ہے لیکن اس کی خوراک اب بھی وہی  فرنچ فرائیز، چپس اور وائٹ بریڈ ہے۔اس نوجوان نے لوگوں میں آگاہی پھیلانے کے لیے حال ہی میں اپنی کہانی چھاپنے کی اجازت دی ہے۔

متعلقہ عنوان :