وزیراعلی پنجاب نے اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کی تکمیل کی تاریخ کا اعلان کردیا

منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے، ٹرین سروس رواں برس کے آخر تک ہر صورت چلا دیں گے: عثمان بزدار

muhammad ali محمد علی جمعرات 5 ستمبر 2019 00:15

وزیراعلی پنجاب نے اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کی تکمیل کی تاریخ کا ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 ستمبر2019ء) وزیراعلی پنجاب نے اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کی تکمیل کی تاریخ کا اعلان کردیا، منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے، ٹرین سروس رواں برس کے آخر تک ہر صورت چلا دیں گے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے اعلان کیا ہے کہ لاہور اورنج لائن میٹرو منصوبہ جلد مکمل کر لیا جائے گا۔ نجی ٹی وی چینل کے شو کو دیے گئے خصوصی انٹریو میں وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے اور ہر صورت اس منصوبے کو رواں برس کے آخر تک مکمل کر لیا جائے گا۔

اس سے قبل گزشتہ ماہ سپریم کورٹ نے بھی اورنج لائن منصوبہ جلد سے جل مکمل کرنے کی ہدایت کی تھی۔ گزشتہ ماہ ہونے والی سماعت کے دوران سیکرٹری ٹرانسپورٹ نے بتایا تھا کہ منصوبے پراب تک 169 بلین روپے خرچ ہوچکے ہیں اورمزید اخراجات بھی ہوں گے۔

(جاری ہے)

سماعت کے دوران پراجیکٹ ڈائریکٹرنے استدعا کی کہ میٹرو ٹرین منصوبے کی تکمیل کیلئے جنوری 2020ء تک مہلت دی جائے جس میں آزمائشی ٹرین چلانے سمیت دیگر تکنیکی امور کی جانچ پڑتال کی جائے گی۔

درخواست پر عدالت نے 2020ء تک مہلت دینے کی استدعا منظور کرتے ہوئے ہدایت کی کہ منصوبہ مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے۔ واضح رہے کہ یہ منصوبہ مسلم لیگ ن کی پچھلی حکومت نے شروع کیا تھا جو اکتوبر 2018 ء میں مکمل ہونا تھا۔ لیکن مقررہ مدت سے ایک سال کا عرصہ گزرنے کے باوجود کام مکمل نہیں ہوسکا۔ تاہم اب پنجاب حکومت نے اس منصوبے کو رواں برس کے آخر تک مکمل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ رواں برس نومبر کے ماہ تک اورنج لائن میٹرو ٹرین لاہور میں چل پڑے گی۔ لاہور کی عوام کو منصوبے کے آغاز کا بے صبری سے انتظار ہے۔