چین اور امریکہ کے درمیان جنگ عروج پر

امریکہ ہواوے کو جاسوس جبکہ چین کی ہواوے کمپنی امریکہ کو سائبر حملہ کرنے کا الزام لگا رہی ہے

Sajjad Qadir سجاد قادر جمعرات 5 ستمبر 2019 05:36

چین اور امریکہ کے درمیان جنگ عروج پر
لاہور ۔  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 ستمبر2019ء)    امریکی حکام کا ماننا ہے کہ چینی حکومت اس ہواوے کمپنی کو جاسوسی کے لیے استعمال کررہی ہے جبکہ کمپنی کی جانب سے اس کی بار بار تردید کی جاتی ہے۔رواں ہفتے جاری ایک بیان میں ہواوے کا کہنا تھا 'امریکی حکومت کی جانب سے ہر چیز بشمول عدالتی اور انتظامی اختیارات کے ساتھ ساتھ غیرقانونی ذرائع کو استعمال کرکے ہواوے اور اس کے شراکت داروں کے معمول کے کاروباری آپریشنز کو متاثر کرنے کی کوشش کی جارہی ہے'۔

کمپنی کی جانب سے ماضی میں بھی اسی طرح کے الزامات عائد کیے گئے ہیں مگر اس بار چند نئی باتیں بھی بیان میں شامل ہیں جیسے امریکا کی جانب سے کمپنی کے اندرونی معلوماتی سسٹمز کو ہیک کرنے کی کوشش کرناوغیرہ۔ہواوے کا دعویٰ تھا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے کمپنی کے ملازمین کو ہراساں کیا جارہا ہے اور ان کے گھروں پر بھی چھاپے مارے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

یہ بیان اس وقت جاری ہوا ہے جب گزشتہ ہفتے وال اسٹریٹ جرنل نے ایک رپورٹ میں بتایا تھا کہ امریکی محکمہ انصاف کی جانب سے کمپنی پر اسمارٹ فون کیمرا پیٹنٹس کو چرانے کے الزامات کی تفتیش کی جارہی ہے۔کمپنی کی جانب سے بیان میں ان الزامات کی تردید کی گئی ہے۔خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے رواں سال مئی میں ایک ایگزیکٹیو آرڈر میں ہواوے کو بلیک لسٹ کرتے ہوئے امریکی کمپنیوں کو ہواوے سے کاروباری تعلقات منقطع کرنے کا حکم دیا تھا۔

تاہم اس پابندی کا مکمل اطلاق فوری طور پر التوا میں ڈالتے ہوئے چینی کمپنی کو 90 دن کے لیے عارضی لائسنس جاری کیا گیا تھا جس سے ہواوے کو اپنے اینڈرائیڈ فونز کو اپ ڈیٹ کرنے کا موقع ملا۔اس عارضی لائسنس کی مدت 19 اگست کو ختم ہورہی تھی مگر امریکی کامرس سیکرٹری ولبر روس نے فاکس بزنس سے بات کرتے ہوئے ایک بار پھر 90 دن کے لیے عارضی لائسنس جاری کرنے کا اعلان کیا جس کی مدت 19 نومبر کو ختم ہوگی۔عارضی لائسنس کے باوجود ہواوے کے لیے امریکی پابندیاں مختلف مسائل کا باعث بن رہی ہیں کیونکہ متعدد بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں نے چینی کمپنی سے اپنے تعلقات ختم کرلیے ہیں، جس سے اہم سافٹ وئیر اور پرزہ جات تک اس کی رسائی محدود ہوگئی ہے۔