موجودہ سیزن کے دوران ڈینگی سے بچائو کیلئے تمام اداروں کو ہمہ وقت الرٹ رہنے کی ہدایت

جمعرات 5 ستمبر 2019 13:47

موجودہ سیزن کے دوران ڈینگی سے بچائو کیلئے تمام اداروں کو ہمہ وقت الرٹ ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 ستمبر2019ء) موجودہ سیزن کے دوران ڈینگی سے بچائو کیلئے تمام اداروں کو ہمہ وقت الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر فیصل آباد سردار سیف اللہ ڈوگر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ موجودہ سیزن میں بھی ڈینگی کے خلاف کارروائیوں میں نرمی نہیں ہونی چاہیے اور اس اہم ہدف کو صرف رسمی نہ لیا جائے بلکہ تمام متعلقہ محکمے احساس ذمہ داری سے ڈینگی لاروا کا انسداد یقینی بنائیں۔

انہوں نے یہ ہدایت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی ریسپانس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں ڈینگی کے حوالے سے محکمانہ کارروائیوں کی پیشرفت اور درکار تقاضوں کا جائزہ لیا گیانیز اجلاس میں مختلف محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر برائے وبائی امراض ڈاکٹر بلال احمد نے انسداد ڈینگی سٹاف کی کارکرگی اور ان ڈور اور آؤٹ ڈور سرویلنس کے نتائج کے بارے میں بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے اینٹامالوجسٹ سمیت انسداد ڈینگی پر مامور سٹاف کو ہدایت کی کہ سرویلنس کے دوران ڈینگی ملنے پر فوری کیمیکل ٹریٹمنٹ کی جائے۔انہوں نے انسداد ڈینگی سے متعلق آگاہی مہم کو مستقل بنیادوں پر جاری رکھنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ قبرستانوں‘ٹائر شاپس‘پارکوں‘پودوں کی نرسریوں اور دیگر مشتبہ جگہوں پر خصوصی توجہ مرکوز رکھیں۔

انہوں نے شہریوں میں ڈینگی سے بچاؤ اور احتیاطی تدابیر اختیارکرنے کا احساس اجاگر رکھنے کے لئے ہر ممکن تشہیری ذرائع بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تحصیل سطح پر بھی انسداد ڈینگی میٹنگز منعقد کرکے نچلی سطح پر متعلقہ محکموں کو متحرک رکھا جائے۔انہوں نے واضح کیا کہ انسداد ڈینگی کے حوالے سے اقدامات کے سلسلے میں محض خانہ پری قابل قبول نہیں اس ضمن میں متعلقہ محکموں کی کارکردگی کی مانیٹرنگ بھی جاری ہے اور عدم توجہی کی نشاندہی پر قصورواروں کے خلاف محکمانہ کارروائی ہوگی۔

ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر نے بتایا کہ رواں سال اب تک اینٹی ڈینگی ٹیموں نے ان ڈور اور آؤٹ ڈور سے 1376 جگہوں سے ڈینگی لاروا کو تلف کیا۔انہوں نے بتایا کہ مختلف محکموں کی طرف سے 551 اینڈرائڈ موبائل فونز کے ذریعے ایک لاکھ 10 ہزار سے زائد مقامات پر ڈینگی لاروا کو چیک کرکے رپورٹ کو ویب پورٹل پر اپ لوڈ کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :