معاہدے میں طالبان کو اسلامی امارات لکھنے پر امریکی وزیر خارجہ کا دستخط سے انکار

دستخط کرنا طالبان کو اصل سیاسی قوت کے طور پر تسلیم کرنے کے مترادف ہوگا ،امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو

جمعرات 5 ستمبر 2019 16:06

معاہدے میں طالبان کو اسلامی امارات لکھنے پر امریکی وزیر خارجہ کا دستخط ..
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 ستمبر2019ء) وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے طالبان کے ساتھ امن معاہدے پر دستخط کرنے سے انکار کر دیا ہے۔غیرملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق پومپیو سمجھتے ہیں کہ دستخط کرنا طالبان کو اصل سیاسی قوت کے طور پر تسلیم کرنے کے مترادف ہوگا تاہم امریکی وزیر خارجہ کے دفتر نے ابھی اس خبر کی تصدیق نہیں کی۔واضح رہے کہ امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد بذات خود بھی طالبان کے ساتھ امن معاہدے پر دستخط کرنے کا اختیار رکھتے ہیں اور اس بابت امریکہ اور طالبان مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کرسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ افغان امن معاہدے پر عمل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے اس کی توثیق کے بعد ہی ممکن ہو سکے گا۔ذرائع کا کہنا تھا کہ افغان امن معاہدے کے مطابق امریکہ اپنی افواج افغانستان سے واپس بٴْلا لے گا اور اس ملک سے خانہ جنگی کا خاتمہ ہو جائے گا مگر اس بات کی کوئی ضمانت نہیں ہے کہ طالبان وہاں امریکی حمایت یافتہ حکومت رہنے دیں گے اور یہ کہ افغانستان سے تشدد کا خاتمہ ممکن ہو سکے گا۔یاد رہے کہ افغان امن معاہدے کے نکات طالبان کے ساتھ گفتگو کے نو ادوار کے بعد طے پائے تھے اور اب پومپیو نے اس معاہدے پر دستخط کرنے سے انکار کر دیا ہے۔